سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے پہنچے مودی کے یہ 3 بڑے وزیر!
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے 17 جون سے شروع ہونے جا رہے پارلیمانی اجلاس بغیر کسی رکاوٹ کے چلانے کی خاطر کانگریس کا تعاون طلب کرنےکے لئے جمعہ کے روز کانگریس کی پارلیمانی مجلس کی سربراہ سونیا گاندھی سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔
پرہلاد جوشی نے سونیا گاندھی سے ان کی رہائش پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا، ’’سونیا گاندھی کے ساتھ ہماری ملاقات خوش گوار رہی۔ ہم نے پارلیمان کو بلا رکاوٹ چلانے کے لئے ان کا تعاون طلب کیا۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’انہیں (اپوزیشن کو) بھی بر سر اقتدار جماعت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ میں نے انہیں بتایا کہ حکومت تعاون کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔‘‘ ملاقات کے دوران مرکزی وزیر نریندر تومر اور ارجن رام میگھوال بھی پرہلاد جوشی کے ہمراہ موجود تھے۔
پارلیمانی اجلاس کی شروعات سے قبل پارلیمانی امور پر مجلس وزرا کی کمیٹی جمعہ کی شام وزیر دفاع راج ناتھ سے ملاقات کرے گی۔ اس میٹنگ کی صدارت راجناتھ سنگھ کریں گے، جس کے ارکان میں وزیر داخلہ امت شاہ بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جوشی کا سونیا گاندھی کی رہائش پر جانا حزب اختلاف سے تال میل بیٹھانے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ میٹنگ تقریباً 15 منٹ تک چکی۔ قبل ازیں پرہلاد جوشی حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد اور لوک سبھا میں ڈی ایم کے کے رہنما ٹی آر بالو سے ملاقات کر چکے ہیں۔
حکومت بجٹ پیش کرنے کے لئے علاوہ ایک مجلس میں تین مرتبہ طلاق (طلاق بدعت) پر پابندی سمیت 10 نئے آرڈیننسز کو قانون میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ پہلے دو دن نئے ارکان پارلیمان حلف اٹھائیں گے۔ لوک سبھا اسپیکر کا انتخاب 19 جون کو ہوگا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے 20 جون کوخطاب کریں گے۔