راجستھان میں 40 لاکھ خواتین کو مفت موبائل اور 3 سال کیلئے انٹرنیٹ فری: چیف منسٹر کا اعلان
اشوک گہلوت نے کہا کہ پی ایم مودی مارکیٹنگ میں ماہر ہیں، وہ کسانوں کو سال میں 3 بار 6000 روپے دیتے ہیں اور کانگریس حکومت لوگوں کو 2000 یونٹ بجلی مفت دیتی ہے جس کی قیمت سالانہ 21600 روپے ہوتی ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اودے پور میں ایک کسان مہوتسو کے دوران ریاست کی تقریباً 40 لاکھ خواتین کو جولائی ماہ میں مفت اسمارٹ فون دینے کا اعلان کیا ہے۔ فون کے ساتھ ہی کانگریس حکومت 3 سال تک کے لیے ان خواتین کو مفت انٹرنیٹ بھی دستیاب کرائے گی۔ اودے پور میں منعقد کسان مہوتسو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت خواتین کو موبائل فون کی تقسیم 25 جولائی سے شروع ہوگی۔ اس اعلان کے ساتھ ایک طرح سے اشوک گہلوت نے ریاست میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
کسان مہوتسو کے موقع پر اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی مارکیٹنگ میں ماہر ہیں۔ وہ کسانوں کو سال میں تین مرتبہ 6000 روپے دیتے ہیں۔ دوسری طرف کانگریس حکومت لوگوں کو 2000 یونٹ بجلی مفت دیتی ہے جس کی قیمت 1800 روپے ماہانہ اور 21600 روپے سالانہ ہوتی ہے۔
اشوک گہلوت نے پی ایم مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال کی مدت میں ان سے ایم ایس پی پر کوئی قانون کیوں نہیں بن پایا۔ انھوں نے کہا کہ جب مودی جی گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تو وہ یو پی اے حکومت سے سوال کرتے تھے کہ حکومت ایم ایس پی پر کوئی قانون کیوں نہیں بنا رہی ہے۔ اب میں مودی جی سے سوال کرتا ہوں کہ ایم ایس پی پر کوئی قانون کیوں نہیں بنایا گیا۔