بہار: ٹرک کی ٹکر سےموٹر سائیکل سوار زخمی، بیوی کو کیا ویڈیو کال اور دم توڑ دیا
بہار کے بیگوسرائے میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موت ہو گئی۔ ایک ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار راجہ رام پنڈت کو زبردست ٹکر مار دی جو کہ اپنے سالے کے شرادھ میں شریک ہونے سسرال جا رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی شاہراہ 28 پر کان میں ائیر فون لگا کر راجہ رام تیز رفتار کے ساتھ جا رہا تھا تبھی ٹرک نے اسے ایسی ٹکر ماری کہ ایک پیر کٹ گیا اور دوسرا بھی ٹوٹ گیا۔ اس زخمی حالت میں راجہ رام نے اپنی بیوی کو ویڈیو کال کیا اور کہا کہ دیکھو میرا کیا حال ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو کال کے دوران ہی اس نے دَم توڑ دیا۔ اسی حالت میں اسے بیگوسرائے واقع اسپتال لے جایا گیا لیکن اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ائیر فون کی وجہ سے راجہ رام نے ٹرک کی آواز نہیں سنی اور حادثہ سرزد ہو گیا۔