تلنگانہریاستوں سے

تلنگانہ جماعت اسلامی کے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات، بے قصور مسلم نوجوانوں کو فوری رہا اور FIR کا لعدم کرنے کا مطالبہ

مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے وفد کی وزیر داخلہ تلنگانہ محمدمحمود علی سے ملاقات

حیدرآباد: 25/اگست(پی این)امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے وفد نے وزیر داخلہ حکومت تلنگانہ محمد محمود علی سے ملاقات کی۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی حضور اکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی وجہ سے شہر میں وقوع پذیر حالیہ نا خوشگوار واقعات پروفد نے انتہائی افسوس و مذمت کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کی پُراَمن فضاء کو بر قرار رکھنے کیلئے سخت ودانشمندانہ اقدامات اٹھائیں۔ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بعض مفادات حاصلہ جان بوجھ کر متاثر کرنے کے در پہ ہیں تا کہ اُس سے سیاسی فائدہ حاصل کرسکیں۔

اس طرح کی ناعاقبت اندیشانہ اور مذموم کوششیں مختلف فرقوں اور طبقات میں نفرت و دوری کا باعث ہوں گی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کی جانب سے پر زور مطالبہ کیا گیا کہ پیغمبر اسلام حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں گستاخی کرنے والے اور حالات کو متاثر کرنے والے بی جے پی رکن اسمبلی  گوشہ محل کو اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا جائے۔ ریاست کی پر اَمن فضاء کو بگاڑنے والے اور نفرت پھیلانے والے غیرسماجی عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔ پولیس غیر سماجی عناصر کے بجائے معصوم افراد کو جس طرح نشانہ بنا رہی ہے اور گرفتاریاں کر رہی ہے اس کاسلسلہ فوری بند کیا جائے اور جن نوجوانوں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے اُسے فوری کالعدم کیا جائے۔

حکومت ریاست کی پُر اَمن فضاء اور ماحول کو برقرار رکھنے اور مختلف طبقات اور فرقوں میں خوشگوار ماحول کو پروان چڑھانے کے لئے فی الفور ہندو مسلم و دیگر طبقات و مذاہب کے تمام بااثر اور سنجیدہ وغیرسیاسی افرادپر مشتمل ایک وسیع تر کمیٹی تشکیل دے جو ریاست میں اَمن و اَمان کی برقراری کے لئے سرگرم عمل رہے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں حکومت کا تعاون کرے۔ جماعت اسلامی ہند‘  ہندوو مسلم شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ صبر و ضبط کا مظاہرہ کریں ہر قسم کی جذباتیت اور اشتعال انگیزی سے دور رہیں اورپر امن احتجاج کرتے ہوئے جمہوری و قانونی طور پر اپنی ناراضگی کو درج کرائیں۔

وفد میں سکریٹریز حلقہ محمد اظہر الدین‘ عبدالرب مجاہدلطیفی‘ سٹی سکریٹری انجینئر مرزا محمد اعظم علی بیگ‘ ارکان جماعت سید محمد عبدالقادر ناصر‘ حافظ عبدالسمیع‘ محمد یوسف علی خان‘ محمد حسام الدین و دیگر شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!