مودی حکومت اب IDBI کے شیئر فروخت کرنے کا بنا رہی منصوبہ، اعلان جلد!
بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق حکومت اور ایل آئی سی کے افسران اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ بینک کی کتنی شراکت داری فروخت کی جانی چاہیے۔
آئی ڈی بی آئی بینک کا شیئر بازار آج راکیٹ بنا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اس کی وجہ ایک خبر ہے جس نے آئی ڈی بی آئی بینک کے شیئر کو زبردست فائدہ پہنچایا ہے۔ دراصل ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ مرکزی حکومت اور سرکاری بیمہ کمپنی ’ایل آئی سی‘ اس کوشش میں لگی ہوئی ہے کہ آئی ڈی بی آئی بینک میں کم از کم 51 فیصد شراکت داری فروخت کی جائے۔ جیسے ہی یہ خبر پھیلی، جمعرات کے کاروبار میں دوپہر کے دوران آئی ڈی بی آئی بینک کا شیئر بی ایس ای پر 10 فیصد سے زیادہ اُچھل گیا۔
آئی ڈی بی آئی بینک کا شیئر آج بی ایس ای پر ہلکی تیزی کے ساتھ 40.65 روپے پر کھلا۔ کاروبار شروع ہونے کے بعد اس کے شیئروں کی قیمت لگاتار بڑھنے لگی۔ دوپہر تک بی ایس ای پر اس کی قیمت 10.09 فیصد چڑھ کر 44.20 روپے پر پہنچ گئی۔ حالانکہ دوپہر کے بعد بازار میں آئی بکوالی کا کچھ اثر اس اسٹاک پر بھی دیکھنے کو ملا۔ کاروبار ختم ہونے کے بعد یہ 7.35 فیصد کی تیزی کے ساتھ 43.10 روپے پر بند ہوا۔
بہرحال، آئی ڈی بی آئی بینک میں حکومت اور ایل آئی سی دونوں کی ملا کر تقریباً 94 فیصد شراکت داری ہے۔ بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق حکومت اور ایل آئی سی کے افسران اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ بینک کی کتنی شراکت داری فروخت کی جانی چاہیے۔ فروخت کے بعد بھی بینک میں حکومت اور ایل آئی سی دونوں کی شراکت داری بنی رہنے کی امید کی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی ڈی بی آئی بینک کی شراکت داری فروخت کرنے پر آخری فیصلہ وزراء کا ایک گروپ لے گا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ستمبر کے آخر میں آئی ڈی بی آئی بینک کی شراکت داری خریدنے کے لیے بولیاں منگانے کا اعلان رسمی طور پر کیا جائے گا۔