’تانا شاہ سُن لے، سچ جیتے گا اور تکبر ہارے گا‘ سنجے راوت کی گرفتاری پر راہل گاندھی کا بیان
سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے مخالفین کا حوصلہ توڑنے اور سچ کا منہ بند کرنے کی پرزور کوشش جاری ہے لیکن تانا شاہ سن لے، آخر میں ‘سچ’ جیتے گا، اور تکبر کی شکست ہوگی۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے شیوسینا لیڈر سنجے راوت سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی 16 گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد کی گئی گرفتاری پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تکبر اور آمریت سچائی کو نہیں دبا سکتی ہے۔
راہل گاندھی نے پیر کو کہا کہ مودی حکومت اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے خلاف سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو خاموش رہنے کا پیغام دینا چاہتی ہے لیکن انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ تکبر اور آمریت جیت نہیں سکتی اور سچ کا منہ بند کرنے کی ہر کوشش ناکام ثابت ہوگی۔
انہوں نے ٹویٹ کیاکہ راجہ کا پیغام واضح ہے – جو میرے خلاف بولے گا، اسے نقصان اٹھانا پڑے گا۔ سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے مخالفین کا حوصلہ توڑنے اور سچ کا منہ بند کرنے کی پرزور کوشش جاری ہے لیکن تانا شاہ سن لے، آخر میں ‘سچ’ جیتے گا، اور تکبر کی شکست ہوگی۔