جنرل

کشمیر: نوجوان ٹورسٹ گائیڈ نے اپنی جان دے کر پانچ سیاحوں کی جانیں بچائی

سری نگر: وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان ٹورسٹ گائیڈ نے پانچ سیاحوں کی جان بچا کر اپنی جان جان آفرین کے حوالے کر کے کشمیر کی اعلیٰ انسان دوستی کی شمع کو فروزاں کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ینڈ پہلگام سے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹورسٹ گائیڈ روؤف احمد ڈار نے حقیقی کشمیریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی قیمت پر شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں بہنے والے دریائے لدر سے دو غیر ملکی سیاحوں سمیت پانچ سیاحوں کی جان بچائی۔

دریں اثنا ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ٹورسٹ گائیڈ کے حق میں بعد از مرگ بہادری ایوارڈ کا اعلان کیا ہے اور صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے لواحقین کے حق میں دو لاکھ روپئے فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ماورہ پہلگام میں رافٹنگ پوائنٹ پر جمعہ کے روز ایک کشتی تیز ہواؤں کی لپیٹ میں آکر الٹ گئی اور کشتی میں سوار تمام سیاح دریائے لدر میں غرق آب ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران روؤف احمد ڈار نامی ٹورسٹ گائیڈ نے اپنی جان کی قیمت پر دو غیر ملکی سیاحوں سمیت پانچ سیاحوں کی زندگیاں بچائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولس، مقامی ایس ڈی آر ایف اہلکاروں اور مقامی رضاکاروں نے ہفتہ کی صبح بہادر ٹورسٹ گائیڈ کی لاش بھاونی پل کے قریب برآمد کی اور طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش کو لواحقین کے سپرد کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ ینڈ پہلگام سے تعلق رکھنے والے روؤف احمد نے کشمیر کی اعلیٰ ہمدردی وانسان دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ سیاحوں کی جان بچا کر ایک مثال قائم کی ہے۔ ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کشمیر عامر علی نے روؤف احمد کی مثالی بہادری کی ستائش کرتے ہوئے کہا روؤف نے اپنی جان کی پراہ کیے بغیر دو غیر ملکی سیاحوں سمیت پانچ سیاحوں کی جان بچا کر کشمیریت کی اعلیٰ انسان دوستی کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روؤف کی لاش کو بھاونی پل کے قریب ہفتہ کی صبح بر آمد کی گئی۔

ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ خالد جہانگیر نے روؤف احمد کو بہادری کا ایوارڑ دینے اور اس کے پسماندگان کے حق میں فوری ریلیف واگزار کرنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے بتایا ‘روؤف نے اپنی جان دے کر پانچ سیاحوں کو بچایا ہے۔ اس نے حقیقی کشمیریت کی مثال پیش کی ہے’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!