ریاستوں سےمہاراشٹرا

مہاراشٹر میں آئیٹا کی 15 روزہ مہم "اپنا مقام پیداکر” کا 25 جولائی سے آغاز

اساتذہ کے مقام و مرتبہ کی بحالی ہی پیشہ تدریس کی عظمت کی ضامن ہے: سید شریف ریاستی صدر آئیٹا

ممبئی: "اساتذہ کے مقام و مرتبہ کی بحالی ہی پیشہ تدریس کی عظمت کی ضامن ہے” اس طرح کا اظہار خیال آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آئیٹا) کے ریاستی صدر سید شریف نے کیا۔ وہ آئیٹا مہاراشٹر کی 15 روزہ ریاست گیر مہم اپنا مقام پیدا کر کے ضمن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ، اساتذہ کے مقام و مرتبہ کی بازیافت کے لیے آئیٹا مہاراشٹرا کی جانب سے 25 جولائی تا 8 اگست 2022ء کے درمیان ریاست گیر مہم بعنوان اپنا مقام پیدا کر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مہم کے مقاصد و لائحہ عمل پر میڈیا سے گفتگو کرنے کے لئے مراٹھی پترکار سنگھ، ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے کئی نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر مہم کا تعارف پیش کرتے ہوئے ریاستی صدر سید شریف نے کہا کہ "آئیٹا اساتذہ کی ایک نمائندہ تنظیم ہے جو اساتذہ کے جائز حقوق کی حصولیابی، اساتذہ کے فنی، فکری اور پیشہ ورانہ ارتقاء کے لیے سرگرم عمل ہے۔ جو اپنے متعینہ پالیسی و پروگرام کے مطابق کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں سے اس بات کو شدت سے محسوس کیا جارہا ہے کہ اساتذہ کے مقام و مرتبہ میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کی کئی وجوہات ہیں۔ آئیٹا چاہتی ہے کہ مختلف پروگرامس، پینل ڈسکشن، مباحثہ اور عملی اقدامات کے ذریعہ سماج میں اساتذہ کے مقام و مرتبہ کی بحالی کی کوششیں کی جائیں۔ یہ مہم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔”

اس موقع پرمہم کنوینر سید اسمعیل گوہر صاحب نے مہم کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ، "اس مہم کا بنیادی مقصد سماج میں پیشہ تدریس کے تقدس کی بحالی اور معلمین و معلمات کے مقام و مرتبہ کا احساس کرانا نیز خود احتسابی کے جذبے کو بیدار کرتے ہوئے ان کے ذمہ دارانہ کردار کا احیاء کرنا اور طلبہ اور والدین و سرپرستوں میں معلمین و معلمات کی قدر و منزلت کو جاگزیں کرنا ہے۔ تاکہ سماج میں اساتذہ کی عظمت پھر سے بحال ہو سکے۔”

نائب کنوینر پٹھان شریف خان نے مہم کے لائحہ عمل اور عملی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، "اس مہم کے پیغام کو ریاست کےتمام اساتذہ تک پہنچانے کے لیے مختلف ذرائع و وسائل کا استعمال کیا جائیگا۔ جن میں اساتذہ سے انفرادی ملاقاتیں، آن لائن لیکچرس ، ہیڈ ماسٹرس ، پرنسپل ، تعلیمی افسران ، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور دیگر تعلیمی شخصیات سے ملاقاتیں شامل ہیں۔منتخب اضلاع میں ضلعی اور مقامی سطح پر تعلیمی کانفرنس اور ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔”

مومن فہیم احمد (آئیٹا میڈیا کنوینر) نے بتایا کہ، "25 جولائی2022ء کو آن لائن پروگرام میں آئیٹا کے قومی صدر عبدالرحیم اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے مہم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ ان پندرہ دنوں میں مختلف ضلعی و مقامی یونٹس کے تحت آن لائن و آف لائن پروگرامس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ اتوار 24 جولائی کو ممبئی میں ماہرین تعلیم کے ساتھ ایک ہینل ڈسکشن کا انعقاد کیا جائے گا۔”

اس موقع پر میڈیا کے نمائندگان کے زریعے، تعلیمی صورتحال، کورونا سے پہلے و بعد کے حالات، اساتذہ، انتظامیہ، طلبہ وطالبات کے مسائل پر پوچھے گئے سوالات کے پینل میں موجود اراکین سید شریف، سید اسمعیل گوہر، پٹھان شریف خان، مومن فہیم احمد نے تشفی بخش جوابات دیے۔ پریس کانفرنس کی کنویننگ کی ذمہ داری ممبئی ڈویژن کے صدر خالد فتح نے بخوبی انجام دی۔ جبکہ آئیٹا کے مقامی ذمہ داران میں خلیل شاہ، اکرم شیخ، وسیم شیخ و دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!