اگنی پتھ: RLD نے 11 اضلاع میں ’یوتھ پنچایت‘ کرنے کا کیا اعلان
یوتھ پنچایت 28 جون کو شاملی، یکم جولائی کو متھرا، 3 کو مظفر نگر، 4 کو بجنور، 6 کو بلند شہر، 8 کو امروہہ، 9 کو مراد آباد، 11 کو علی گڑھ، 12 کو آگرہ، 14 کو غازی آباد، 16 کو باغپت میں منعقد ہوگی۔
مرکزی حکومت کے ذریعہ فوج میں بھرتی کی چار سالہ اگنی پتھ اسکیم کو لے کر جہاں ملک بھر کے نوجوانوں میں زبردست غصہ دکھائی دے رہا ہے، وہیں سیاسی پارٹیوں میں بھی اس منصوبہ کو لے کر ہلچل شروع ہو گئی ہے۔ مغربی اتر پردیش میں زیادہ سرگرم پارٹی آر ایل ڈی نے اس منصوبہ کو نوجوانوں اور فوج کے لیے خطرناک بتاتے ہوئے 11 اضلاع میں احتجاج درج کرنے کے مقصد سے یوتھ پنچایت منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے ان اضلاع کے ضلعی صدور کو ان یوتھ پنچایتوں کی تیاری میں مصروف ہو جانے کی تلقین کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پہلی یوتھ پنچایت 28 جون کو شاملی منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد یکم جولائی کو متھرا، 3 جولائی کو مظفر نگر، 4 جولائی کو بجنور، 6 جولائی کو بلند شہر، 8 جولائی کو امروہہ، 9 جولائی کو مراد آباد، 11 جولائی کو علی گڑھ، 12 جولائی کو آگرہ، 14 جولائی کو غازی آباد اور 16 جولائی کو باغپت میں منعقد کی جائے گی۔
آر ایل ڈی ترجمان ابھشیک چودھری بتاتے ہیں کہ ملک کے نوجوانوں کے ساتھ اس منصوبہ سے زبردست دھوکہ ہوا ہے۔ دیہی علاقوں کے وہ نوجوان جو سالوں سے فوج میں شامل ہونے کا خواب دیکھ رہے ہیں اور تمام سہولیات کی کمی ہونے کے باوجود خود کو ملک کی خدمت میں وقف کرنے کے لیے تیاری کر رہے ہیں، یہ منصوبہ ان کے ساتھ دھوکہ ہے۔ آر ایل ڈی پارٹی اس منصوبہ کو فوراً واپس لیے جانے کی اپیل کرتی ہے اور اس کی پرمن اطریقے سے مخالفت کرے گی۔