شانِ رسالت میں گستاخی کے خلاف بیدر میں احتجاج
بیدر: 13/جون (اے ایس ایم) شانِ رسالت حضور اکرم حضرت محمد مصطفی ﷺکے لئے ایک عظیم الشان جلوس الاامین چوراہے سے نکالا گیا جس کی قیادت سید سرفراز ہاشمی ایڈوکیٹ، محمد مبشر علی ابو، مرزا صفی اللہ بیگ، سید وحید لکھن نے کی۔ جلوس میں ہزاروں نوجوانوں نے اپنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے شان رسالت کے حق میں پُر جوش نعرے بلند کررہے تھے۔ گاوان چوک، مین روڈ اولڈ سبزی مارکیٹ، اور دیگر علاقوں میں عوام نے اپنے تجارت کو بند کرکے جلوس میں شرکت کی۔
اس موقعہ پرحکومت کرناٹک و صدر جمہوریہ ہند کے موسومہ ایک تحریری یادداشت میں بی جے پی کی سابق ترجمان نپور شرما، نوین جندال، انصار رضا، الیاس شرف الدین اور گوشہ محل حیدرآباد کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف مقدمات درج کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
جلوس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی چوبارہ کی سمت ٹاؤں پولیس اسٹیشن تک، مین روڈ کی سمت محبوب گنج کمان تک مسلم چوک کی سمت رحمت لین تک اور منیار تعلیم کی سمت مسجد مدرسہ حضرت محمود گاوان ؒتک نوجوان اپنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے جلوس میں شریک رہے۔
بتایا جارہا ہے کہ 12برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ مختلف مسلم مذہبی، سیاسی تنظیموں جو اکثر مسلمانوں کا دم بھرتی ہیں، عوام کے منتخب نمائندے بشمول رکن اسمبلی کے بغیر ایک کامیاب جلوس نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کے بغیر بھی کامیاب جلوس بھی نکالے جاسکتے ہیں۔اور اپنی بات کو منوایا جاسکتاہے۔
جلوس کے اختتام پر نوجوانوں اور جلوس میں شامل افراد کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو کافی مشقت کرنی پڑی۔ واضح رہے کہ سید سرفراز ہاشمی ایڈوکیٹ کے بموجب جلوس کی اجازت باقاعدہ طور پر دی گئی تھی جس میں جلوس کے راستے وغیرہ بھی طئے کئے گئے تھے لمحہ آخر میں جلوس کی اجازت کو منسوخ کردیا گیا۔ جس کے نتیجہ میں ایس پی بیدر خود گاوان چوک پہنچ کر یادداشت حاصل کئے۔