ریاستوں سےمہاراشٹرا

آئیٹا مہاراشٹر کا اساتذہ کیلئے 4 روزہ تربیتی کیمپ کا کامیاب انعقاد

مہابلیشور: آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسو سی ایشن (آئیٹا) مہاراشٹر کی جانب سے گذشتہ دنوں مہابلیشور میں اساتذہ کے لئے 4 روزہ تربیتی و تفریحی کیمپ بعنوان عزم نو کا کامیاب انعقاد عمل آیا۔ جس میں آئیٹا کے قومی صدر عبدالرحیم شیخ، سیکریٹری اسلم فیروز، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری ممبئی، عبد القوی فلاحی اورنگ آباد اور آئیٹا کے ریاستی صدر سید شریف، سیکریٹری محمد عتیق شیخ، نائب صدر ریاض الخالق کے علاوہ مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران اور تمام ضلعی صدور و سیکریٹریز شریک تھے۔

اس موقع پر عبدالرحیم شیخ(قومی صدر آئیٹا) نے “رکو نہیں تھمو نہیں کہ معرکے ہیں تیز تر” اس عنوان کے تحت صدارتی خطاب کرتے ہوئے موجودہ حالات کے پیش نظر اساتذہ کی ذمہ داریوں اور سماج میں مثبت تبدیلی کے لیے جس عزم اور حوصلے سے کام کرنا کی تلقین کی۔ مزید انہوں نے اس بات پر زور دیا کے برادران وطن سے اچھے تعلقات استوار کرنا، سماج میں اخلاقی قدروں کو پروان چڑھانے کے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے آئیٹا مہاراشٹر سے مرکز کے توقعات پر بھی اظہار خیال کیا۔

سید شریف ریاستی صدر آئیٹا نے اپنے خطاب میں رفقاء کو فرائضِ منصبی کی یاد دہانی کرائی اور خلوص و للہیت اور اللہ کی رضا کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دینے کی تلقین کی۔

“ملکی و ملی حالات، تعلیمی میدان کے چیلینچیز اور آئیٹا” اس عنوان پر اسلم فیروز نیشنل سیکریٹری برائے توسیع نے تفصیل سے روشنی ڈالی اور “شخصیت کا ارتقاء : رکاوٹیں و حل” نیز “نظریاتی اور فکری پختگی کیوں اور کیسے؟” ان دو عناوین کے تحت پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے رہنمائی کی ۔ جبکہ “ہمارے مشن میں رضائے الہی اور تعلق باللہ کی معنویت” ، “اجتماعیت کے آداب و تقاضے” اور “تاریخ سلف دہراتا چل” ان موضوعات پر محترم عبدالقوی فلاحی صاحب نے سیر حاصل گفتگو کی۔ اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کی ریکارڈیڈ تقریر بعنوان “استاد ہر لحظہ طالب علم” سامعین کے گوشِ گذار کی گئی۔

اس موقع پر آئیٹا مہاراشٹر کی گذشتہ دو برسوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا۔ ایجوکیشن کمیٹی، سوشل میڈیا کمیٹی، ایشو ایڈریسنگ کمیٹی، مہاراشٹر سائنس فئیر اکیڈمی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئیں۔ اسی طرح مختلف اضلاع کے ذمہ داران نے اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی سامعین کے گوشِ گذار کیں۔

ریاض الخالق ریاستی نائب صدر آئیٹا نے میقاتی اہداف و سرگرمیوں کے عنوان سے اظہارِ خیال کیا۔ اور محمد عتیق شیخ ریاستی سیکریٹری نے اپنی نگرانی میں ضلعی صدور و سیکریٹریز کے ساتھ آئندہ کے منصوبے اور سرگرمیوں کا خاکہ تیار کروایا، اس کے علاوہ تنظیمی کاموں میں “فعالیت اور پیش رفت میں حائل عوامل اور سد باب ” اس عنوان پر ایک دلچسپ اوپن ڈسکشن کا اہتمام کیا جس میں بیشتر شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہارکیا اور اپنی آراء بھی پیش کیں۔

الحمدللہ ریاست کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تقریباً 55 معلمین و معلمات نے اس کیمپ سے عزمِ نو حاصل کیا۔ بعد ازاں شرکاء کے لیے تفریح کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں کتابوں کے گاؤں “بھلار” اور مختلف حسین قدرتی مناظر شامل ہیں۔ سیداسمعیل گوہر، شہزاد خان، عتیق احمد ، ساجد خان، محمد شکیل ان صاحبان نے مختلف سیسشن کے کنوینر کے حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔

واضح رہے کہ آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسو سی ایشن (آئیٹا) اساتذہ کی ایک ملک گیر رجسٹرڈ تنظیم ہے جو اساتذہ کے فکری، فنی، علمی اور پیشہ ورانہ ارتقاء کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ تنظیم اپنے کیڈر کی تربیت کا خصوصی اہتمام کرتی ہے۔ اسی لئےگرمیوں کی تعطیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اساتذہ کے لئے ریاست کے پر افزاء مقام مہابلیشور میں تربیتی و تفریحی “عزم نو” کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں کی گئی تقاریر آئیٹا مہاراشٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔ قارئین ان سے ضرور استفادہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!