چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں 2 ججوں کو عہدے کا دلایا حلف
نئی دہلی: چیف جسٹس این وی رمنا نے پیر کو جسٹس سدھانشو دھولیا اور جسٹس جمشید برجور پاردی والا کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف دلایا۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ میں تمام عہدوں پر ججوں کی تقرری کردی گئی ہے۔ نومبر 2019 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے جب سپریم کورٹ میں ججوں کی تمام 34 منظور شدہ عہدوں پر تقرری ہوگئی ہے۔ تاہم جسٹس ونیت سرن کے 11 مئی کو ریٹائر ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد پھر سے 33 ہو جائے گی۔
اہم بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ کالجیم نے حال ہی میں گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سدھانشو دھولیا اور گجرات ہائی کورٹ کے جج جے بی پاردی والا کو سپریم کورٹ میں جج بنانے کی سفارش کی تھی۔ کالجیم کی سفارش کے بعد مرکزی حکومت نے ان دونوں ججوں کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔