ٹاپ اسٹوری

پی ایم مودی کی گجراتی لیڈروں سے ملاقات پر عآپ کا طنز، ’کیا ڈر سے قبل از وقت انتخاب کی تیاری ہو رہی ہے؟‘

وزیراعظم کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ امت شاہ، گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، وزیر قانون راجندر ترویدی اور چیف سکریٹری کیلاش ناتھن موجود تھے

نئی دہلی: گجرات اسمبلی انتخابات میں تقریباً 8 ماہ باقی ہیں لیکن بی جے پی نے اس کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل اور دیگر ریاستی رہنماؤں کے ساتھ تقریباً 2 گھنٹے تک ملاقات کی۔ اجلاس میں بی جے پی کے مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔ وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر قانون راجندر ترویدی اور چیف سکریٹری کیلاش ناتھن بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ ملاقات وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ تاہم اس میٹنگ میں کیا بات چیت ہوئی اس کے بارے میں بی جے پی کی طرف سے کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ وہیں، عام آدمی پارٹی نے اس میٹنگ کے حوالہ سے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بی جے پی سے سوال کیا ہے کہ کیا گجرات میں انتخابات کا اعلان کرنے کے لیے ریاستی اسمبلی کو اگلے ہفتے تحلیل کر دیا جائے گا؟ عآپ کے قومی کنوینر نے ایک ٹویٹ میں سوال کیا کہ کیا بی جے پی ان کی پارٹی سے اتنی خوفزدہ ہے کہ وہ ریاست میں مقررہ وقت سے پہلے انتخابات کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے؟ کیجریوال نے ہندی میں ٹویٹ کیا ’’کیا بی جے پی گجرات اسمبلی تحلیل کر کے اگلے ہفتے گجرات انتخابات کا اعلان کرنے جا رہی ہے؟ عآپ کا اتنا ڈر؟‘‘ اس سال کے آخر میں گجرات میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت سے پرخوش عام آدمی پارٹی گجرات میں قدم جمانے کی امید میں اسمبلی انتخابات میں تمام سیٹوں پر لڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کیجریوال آج گجرات کے دورے پر پہنچ چکے ہیں، وہ رات کو سورت سرکٹ ہاؤس میں قیام کر رہے ہیں۔ وہ یکم مئی کو صبح 9 بجے سرکٹ ہاؤس سے بھروچ کے لیے روانہ ہوں گے۔ کیجریوال صبح 11 بجے چھوٹو بھائی وساوا کے گاؤں مالجی پورہ پہنچیں گے، جہاں سے دونوں رہنما ایک ساتھ کانفرنس کے مقام چندیریا جائیں گے۔ دوپہر 12:30 بجے چندیریا میں ’قبائلی سنکلپ مہاسمیلن‘ سے خطاب کریں گے، دوپہر 1:30 سے ​​3 بجے کے درمیان چھوٹو بھائی وساوا کے گھر لنچ اور پارٹی لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔ کیجریوال سہ پہر 3 بجے وڈودرا ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!