کورونا کے دوران بچے بُری طرح متاثر ہوئے، انہیں بہتر غذا فراہم کی جائے: سونیا گاندھی
نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے لوک سبھا میں کورونا وبا کے دوران بچوں پر پڑنے والے اثرات کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا، ’’عالمی وبا کے سبب بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ اسکول سب سے پہلے بند کئے گئے اور سب سے آخر میں کھولے گئے۔ جب سکول بند تھے تو دوپہر کا کھانا بھی بند ہو گیا تھا۔ لوگوں کو نیشنل فوڈ سکیورٹی ایکٹ اور سپریم کورٹ کے حکم کے تحت راشن دیا گیا لیکن بچوں کے لیے خشک راشن اور پکے ہوئے کھانے کا کوئی متبادل نہیں تھا۔ دراصل بچوں کے خاندانوں کو روزی کمانے کے لئے جس بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑا، اس طرح کا بحران گزشتہ چند سالوں میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ چونکہ بچے اسکولوں میں واپس جا رہے ہیں، انہیں اور بھی بہتر غذائیت کی ضرورت ہے۔‘‘