مہاراشٹر کے وردھا میں خوفناک حادثہ، MLA کے بیٹے سمیت میڈیکل کے 7 طلبہ کی موت
کار میں سوار تمام 7 طلبہ سوانگی میگھے میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھے اور وہ یاوتمال سے لوٹ رہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں تیروڈا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی وجے رہانگڈالے کا بیٹا بھی شامل ہے
ممبئی: مہاراشٹر کے وردھا میں ایک خوفناک حادثے کے دوران بی جے پی کے رکن اسمبلی کے بیٹے سمیت میڈیکل کے 7 طلبہ کی موت ہو گئی۔ حادثہ پیر کی دیر رات پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق سیلسورا شیوار سے گزرتے وقت طلبہ کی کار کے سامنے ایک جنگلی جانور آ گیا، اسے بچانے کی کوشش میں کار بے قابو ہو گئی اور پل کی رکاوٹ کو توڑتے ہوئے کھائی میں جا گری۔ کھائی کی گہرائی 40 فٹ کے قریب بتائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ وردھا کے قریب قومی شاہراہ تلجا پور پر سیلسورا شیوارا میں پیش آیا۔ کار میں سوار تمام 7 طلبہ ساونگی میگھے میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھے اور وہ یاوتمال سے ساونگی میگھے واپس جا رہے تھے۔ ایس پی پرشانت ہولکر نے بتایا کہ حادثہ رات تقریباً 11.30 بجے پیش آیا۔ زخمیوں کو وردھا کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ فی الحال لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
حادثے میں جان گنوانے والوں کے نام اویشکر رہانگڈالے (بی جے پی ایم ایل اے کا بیٹا)، نیرج چوہان، نتیش سنگھ، ویک نندن، پرتیوش سنگھ، بھم جیسوال اور پون شکتی ہیں۔ تمام ہلاک شدگان کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں تیروڈا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی وجے رہانگڈالے کا بیٹا اویشکار بھی شامل ہے۔
وردھا کے ایس پی پرشانت ہولکر نے کہا، ’’ابتدائی جانچ کے مطابق کار چلا رہے شخص نے جانور سے بچنے کے لئے اسٹیرنگ کو گھمایا جس سے گاڑی پولیا سے نیچے گر گئی۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ کئی طلبا کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔‘‘
رات کا وقت ہونے کی وجہ سے حادثہ کی اطلاع پولیس کو نہیں ملی، تاہم تیز آواز کے سبب علاقہ کے لوگوں کو معلوم چلا کہ کوئی حادثہ پیش آیا ہے۔ مقامی باشندگان اور سماجی کارکنان کی مدد سے نوجوانون کی لاشوں کو باہر نکالا گیا۔