تازہ خبریںخبریںقومی

آج شام 7 بجے،وزیراعظم نریندرمودی کی حلف برداری تقریب

نئی دہلی: 30 مئی- وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی شاندار تقریب کی تیاریاں بڑے پیمانے پر چل رہی ہیں۔تقریب میں کئی عالمی رہنما، بمس ٹیک ملکوں(BIMSTEC countries) کے سربراہ اور علاقائی لیڈران حصہ لیں گے۔

سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں جمعرات کی شام کو سات بجے حلف بردار ی کی تقریب شروع ہوگی جس میں مسٹر مودی کے ساتھ 50سے زائد وزرا کے حلف لینے کا امکان ہے۔ صدر رامناتھ کووند وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین کو حلف دلائیں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں، وزرائے اعلی، گورنروں کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کی اہم ہستیوں اور کئی غیرملکی مہمانوں کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ مغربی بنگال میں سیاسی تشدد کے شکار بنے لوگوں کے اہل خانہ کوبھی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

سب سے پہلے مہمان کے طورپر بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحمید بدھ کی شام یہاں پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل حلف لینے سے پہلے راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے اور پھر سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی پر بھی خراج عقیدت پیش کریں گے۔ وہ انڈیا گیٹ کے نزدیک واقع وار میموریل جاکر شہید فوجیوں کوبھی گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

مسٹر مودی نے خلیج بنگال کے سرحدی یا ساحلی ممالک کے عالمی تکنیکی اور معاشی تعاون کی تنظیم(BIMSTEC ) بمس ٹیک (Bay of Bengal Initiative for Multi-Sectoral Technical and Economic Cooperation) کے رکن ممالک ہندوستان،بنگلہ دیش ، میانمار، شری لنکا، تھائی لینڈ بھوٹان اور نیپال کے رہنماؤں کو تقریب میں مدعو کیا ہے ۔ پاکستان کو اس تنظیم سے باہر رکھا گیا ہے۔

ترقی پسند اتحاد کی سربراہ سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی جمعرات کو وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوں گے۔

کانگریس کے ذرائع کے مطاابق محترمہ گاندھی، ڈاکٹر سنگھ اور راہل گاندھی راشٹرپتی بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ محترمہ گاندھی اور ڈاکٹر سنگھ پچھلی بار بھی مسٹر مودی کےوزیراعظم کے عہدہ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ اس وقت محترمہ گاندھی کانگریس کی صدر تھیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد بھی تقریب میں شامل ہوں گے. مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے حالانکہ پہلے اس آئینی تقریب میں شامل ہونے والی تھیں لیکن آج انہوں نے آنے سے منع کر دیا۔ سنہ 2014 میں بھی وہ سیاسی مخالفت کی وجہ سے حلف برداری کی تقریب میں آنے سے منع کر دیا تھا۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!