ڈاکٹروں کیلئے خطرناک ہوئی کورونا کی تیسری لہر، 1 ہزار سے زیادہ متاثر
دہلی کے ایمس میں ہی کم از کم 50 ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں، وہیں، صفدر جنگ میں بھی 26 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 90928 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے اور بدھ کے مقابلہ معاملوں میں 56.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ کورونا کی اس تیسری لہر کے دوران بڑی تعداد میں ڈاکٹر بھی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ان کی ٹیکہ کاری سب سے پہلے کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی، دہلی، کولکاتا، پٹنہ، چنڈی گڑھ، لکھنؤ اور پٹیالہ میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ملک میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ ڈاکٹر کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
کورونا کی تیسری لہر مہاراشٹر کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26538 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہاں ڈاکٹر بھی بڑی تعداد میں کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 دنوں میں مختلف اسپتالوں میں 260 ریزیڈنٹ ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز سیون اسپتال میں ہی 30 ریزیڈنٹ ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہوگئے۔
ادھر دہلی میں بھی ڈاکٹروں میں کورونا کا پھیلاؤ نظر آ رہا ہے۔ دہلی کے ایمس میں ہی کم از کم 50 ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔ وہیں، صفدر جنگ میں بھی 26 ڈاکٹروں میں کورونا پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رام منوہر لوہیا کے 38 ڈاکٹروں سمیت 45 طبی اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی کے ہی ہندو راؤ اسپتال کے 20 اور لوکنائک اسپتال کے 7 ڈاکٹر کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔
چنڈی گڑھ کے پی جی آئی میں بھی بڑی تعداد میں ڈاکٹروں کے انفیکشن کے معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہاں اب تک 146 ڈاکٹر اور طبی عملہ کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ دیگر اسپتالوں کے 50 ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہیں۔ مجموعی طور پر یہاں کے 196 ڈاکٹروں میں کورونا کی تصدیق کی گئی ہے۔
اتر پردیش میں بھی کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اسپتالوں میں طبی خدمات انجام دے رہے ڈاکٹر بھی کورونا کی زد میں آ رہے ہیں۔ لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں حال ہی میں ہونے والے ٹیسٹ میں میڈیکل عملہ کے 25 لوگ متاثر پائے گئے۔ ہفتہ کے روز حکومت نے میدانتا کے تمام ملازمین کی کورونا جانچ کرانے کا حکم دیا تھا۔
بہار کے پٹنہ میں واقعہ این ایم سی ایچ میں ڈاکٹر لگاتار کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔ منگل کے روز یہاں کے 59 ڈاکٹر متاثر پائے گئے تھے۔ اس سے قبل پیر کے روز بھی یہاں کے 133 ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹوڈنٹ کی جانچ کی گئی تھی جن میں سے 72 طلبہ میں کورونا کی تصدیق کی گئی تھی۔ اب تک یہاں کے 200 ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹوڈنٹ کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے محکمہ صحت میں کہرام مچ گیا ہے۔
پنجاب کے پٹیالہ میڈیکل کالج میں 100 طالب علم کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں، اس کے بعد ہاسٹل میں رہ رہے تمام طلبا کو جلد از جلد ہاسٹل خالی کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ حکومت پنجاب میں کابینی وزیر راج کمار ویرکا نے اس کی تصدیق کی ہے۔