تلنگانہ: کانگریس کے ریاستی صدر ریونت ریڈی کو پولیس نے کیا گرفتار
حیدرآباد: 27/دسمبر(ایم بی) پی سی سی کے صدر ریونت ریڈی کو جوبلی ہلز پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ جو چیف منسٹر چندرشیکھرراو کے فارم ھاوز کا معائنہ کرنے جانے والے تھے قبل ازیں آج صبح سے ہی ریونت ریڈی کے علاوہ کانگریس کے کئی قائدین کو پولیس نے گھروں پر نظر بند کردیا گیا تھا جو آج دوپہر 2 بجے چیف منسٹر چندرشیکھرراو کے فارم ھاوز واقع ایراویلی گاوں سدی پیٹ ضلع کا دورہ کرنے والے تھے جہاں کانگریس کی جانب سے رچہ بنڈہ پروگرام منعقد ہونے والا تھا۔
ریونت ریڈی کے گھر کے سامنے آج صبح پولیس کی بھاری جمیعت تعینات کردی گئی اور انھیں گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا۔تاہم ریونت ریڈی اپنے گھر سے نکل کر سدی پیٹ ضلع روآنہ ہونے کی کوشش کررہے تھے اس دوران پولیس نے انھیں گرفتار کرلیا۔اس موقع پر کانگریس کے سینکڑوں کارکن وہاں پہنچ گئے اور ان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔اس موقع پر جوبلی ہلز میں کافی دیر تک کشیدگی پھیل گئی۔
گزشتہ روز ریونت ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ربیع سیزن میں کسانوں سے دھان کی کاشت نہ کرنے کی اپیل کی لیکن ان کے فارم ہاوز میں 150 ایکر پر دھان کی کاشت کی جارہی ہے۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے فارم ہاوز میں دھان کی کاشت سے متعلق تصاویر میڈیا کیلئے جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دھان کی فصل سے روکنے والے چیف منسٹر نے خود دھان کی کاشت کی ہے۔
27 ڈسمبر کو 2 بجے دن وہ میڈیا کے نمائندوں کو ایراولی میں کے سی آر کے فارم ہاوز میں دھان کی کاشت کا معائنہ کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے ایک اصول اور اپنے لئے ایک اصول کیسے ہوسکتا ہے۔ مرکز کی جانب سے دھان کی خریدی سے انکار کا بہانہ بناکر حکومت نے کسانوں کو دھان کی کاشت سے روک دیا ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے مہم چلائی جارہی ہے تاہم انتہائی سیکوریٹی والے ایراولی فارم ہاوز میں خود چیف منسٹر نے دھان کے بیج بوئے ہیں۔ (رپورٹ: مرزا بیگ ظہیرآباد)