چنڈی گڑھ میونسپل الیکشن: BJP کو جھٹکا، 35 وارڈوں میں عام آدمی پارٹی 14، BJP نے 12 اور کانگریس کی 8 وارڈوں پر جیت
35 وارڈوں میں سے عام آدمی پارٹی نے 14 وارڈوں پر قبضہ کیا ہے، بی جے پی نے 12 وارڈوں پر اور کانگریس نے 8 وارڈوں پر جیت حاصل کی، ایک وارڈ پر شرومنی اکالی دل کو کامیابی ہاتھ لگی ہے۔
پنجاب میں اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ آج چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن انتخاب کا جو ریزلٹ سامنے آیا ہے اس میں کانگریس نے گزشتہ چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن انتخاب کے مقابلے اپنی حالت بہتر کی ہے، جب کہ پہلی بار اس انتخاب میں قسمت آزمائی کرنے والی عآپ نے سبھی کو حیران کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
عام آدمی پارٹی (عآپ) نے چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن انتخاب میں سب سے زیادہ 14 وارڈوں میں جیت درج کر اپنی موجودگی کا زبردست احساس کرایا ہے۔ 35 وارڈوں میں سے بی جے پی نے 12 وارڈوں پر اور کانگریس نے 8 وارڈوں پر قبضہ کیا ہے۔ ایک وارڈ پر شرومنی اکالی دل کو کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ واضح رہے کہ 15 سال بعد کسی پارٹی نے بی جے پی کو چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن انتخاب میں پیچھے چھوڑا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ مرتبہ چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن میں 26 وارڈ تھے، لیکن اس مرتبہ اس کی تعدا کو بڑھا کر 35 کر دیا۔ 2016 میں ہوئے میونسپل کارپوریشن الیکشن میں بی جے پی اور شرومنی اکالی دل کے اتحاد نے 20 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس کے ہاتھ صرف 4 سیٹ لگی تھی اور ایک سیٹ اکالی دل و ایک سیٹ آزاد امیدوار نے جیتی تھی۔
چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد دہلی میں عآپ لیڈر راگھو چڈھا نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ تو صرف ایک ٹریلر ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’میں عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال کی طرف سے چنڈی گڑھ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے ہماری جیسی چھوٹی اور ایماندار پارٹی کو اتنا پیار اور بھروسہ دیا، جس نے یہاں پہلی بار انتخاب لڑا ہے۔ چنڈی گڑھ صرف ایک ٹریلر ہے، پنجاب فلم ہے۔‘‘