کشمیر کے متعلق حکومت ہند کا فیصلہ غیر قانونی، ہم اس کے خلاف تمام متبادل کا استعمال کریں گے: پاکستان
اسلام آباد: 5 اگست- پاکستان نے کشمیر کے متعلق حکومت کے ہند کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف تمام متبادل کا استعمال کرے گا۔ حکومت ہند نے جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے سے متعلق آئین کی دفعہ 370کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے اس فیصلے کی سخت نکتہ چینی کی ہے اور حکومت ہند کے اس فیصلے کو مسترد کردیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے حصہ والا کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے کہاحکومت ہند کا یک طرفہ قدم اس کے متنازعہ ڈھانچہ کو بدل نہیں سکتا کیوں کہ یہ معاملہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں شامل ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ‘ہندوستان نہ بھولے کہ حق پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، کوئی ظلم اور کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی’۔