بگدل میں SIO کا خصوصی اجتماع، اڈوکیٹ محمد عبدالسمیع کا خطاب
ہندوستان کے ہر شہری بالخصوص اقلیتوں کو اپنے ملک کا آئین اور قانون پڑھنا و سمجھنا ضروری ہے۔
بیدر: 26/دسمبر(پی آر) ہندوستان کا قانون سیکولر ہے اور یہاں پر ہر شخص کو آزادی ہے کہ وہ اپنے مذہب پر عمل کریں اور اسکی تبلیغ بھی کرنے کا حق ہے، کسی بھی جمہوری ملک میں عدلیہ کا اہم رول ہوتا ہے، انتظامیہ، عدلیہ میں باہم روابط قائم کرنے کیلئے لوگوں کو اس سے متعلق جانکاری ہونا چاہیے، ہندوستان کا دستور اور آئین یہاں کے شہریوں کو برابر کا حق دیتا ہے، چاہیے وہ تعلیم ہو معاشی نظام ہو یا سیاست ہو یہاں پر سب کا برابر کا حق ہے، اگر بنیادی حقوق کی پامالی ہو رہی ہو تو کس طرح عدلیہ سے رجوع کیا جائے. ان خیالات کا اظہار اڈوکیٹ محمد عبدالسمیع ممبر ایس آئی او و نیشنل کوڈینیٹر APCR نے جامع مسجد میں منعقد ایس آئی او کے خصوصی اجتماع کی مخاطب کرتے ہوئےکیا۔
برادر نے مزید کہاکہ ہندوستان کا آئین دنیا میں سب سے بڑا تحریری آئین ہے، ہندوستان میں مختلف مذہب کے ماننے والے، مختلف زبان کے بولنے والے، مختلف رسم و رواج کو ماننے والے لوگ رہتے ہیں، ہمارا دستور ان بنیادی حقوق کو تحفظ بخشتاہے، عدلیہ کا کام یہ بھی ہے کہ حکومت آئین کے مطابق سرکار چلارہی ہے یا نہیں اس کو دیکھنے کیلئے ہندوستان کا آئین سپریم لاء ہے، اس کے فریم ورک کے اندر ہی مختلف قوانین بنائے جاتے ہیں، دستور کا پریمبل قوانین کی جان ہے، برادر نے ایف آئی آر کی قسمیں بتائی اور زیرو ایف آئی آر کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ عدم معلومات کی وجہ سے مسلمانوں بالخصوص طلباء و نوجوانوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اگر لوگ اپنے حق کے سلسلے میں جانیں گے نہیں تو حق کو کیسے حاصل کرسکتے ہیں، عام آدمی اپنے ملک کے قوانین سے بالکل نابلد ہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق سے ناواقف ہے، پروگرام کے اختتام سے قبل محمد شیخ محسن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، امیر مقامی جماعتِ اسلامی ہند، بگدل کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔