کانگریس کی اب BJP اور سنگھ سے آرپار کی لڑائی ہے: دگ وجے سنگھ
ویر ساورکر گائے کا گوشت کھانا برا نہیں سمجھتے تھے، آر ایس ایس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، جو ان سے ڈر گیا وہ مر گیا اور کانگریس کی اب بی جے پی اور سنگھ سے آرپار کی لڑائی ہے: دگ وجے سنگھ
کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے دعویٰ کیا ہےکہ ویر ساورکر ’بیف‘ کھانے کو برا نہیں سمجھتے تھے۔
راجیہ سبھا کے رکن دگ وجے سنگھ نے کانگریس کے جن جانگرن ابھیان کے حصہ کے طور پر ایک روزہ تربیتی کیمپ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی سی شرما بھی موجود تھے۔ اس دوران مسٹر سنگھ نے یہ بیان دیا اور بعد میں اس کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اس دوران، ہمیشہ کی طرح، مسٹر سنگھ نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی کو بھی جانے پہچانے انداز میں نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کی لڑائی ’سنگھ اور بی جے پی کے نظریے‘ سے آر پار کی لڑائی ہے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہماری لڑائی اس نظریے سے ہے جو ملک کو تقسیم کرنے میں مصروف ہے۔ ہمارا ملک اتحاد کا ملک ہے۔ یہاں ہندو بھی ہیں، جو گائے کا گوشت کھاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کہاں لکھا ہے کہ گائے کا گوشت نہیں کھایا جائے۔ وہیں دوسری طرف زیادہ تر ہندو اس کے خلاف ہیں۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ساورکر نے خود کتاب میں لکھا ہے کہ ہندوازم کا ہندوتوا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
راجیہ سبھا ایم پی نے کہا کہ کانگریس کے لوگ اس کتاب کا ہندی میں ترجمہ کریں اور اس کی معلومات لوگوں تک پہنچائیں۔ سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جو ان سے ڈر گیا وہ مر گیا۔ سنگھ والے صرف کانا پوسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اب بی جے پی اور سنگھ سے آرپار کی لڑائی ہے۔