بیدر کا بلاسودی ادارہ کارونیہ، اب تک 4 کروڑ روپئے سود سے بچانے اور گذشتہ سال 6 لاکھ روپئے نفع حاصل کرنے میں کامیاب
شہر بیدر کا بلاسودی ادارہ بیدر کارونیہ سوہاردا کریڈٹ سہکاری لمیٹیڈ کی چوتھی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ کا کے ایس فنکشن ہال میلور بیدر میں انعقاد، 2018 سے اب تک بیدر کارونیہ نے ملّت کے افراد کو تقریباً 4 کروڑ روپئے سود سے بچایا ہے۔
بیدر: 25/دسمبر(پی آر) شہر بیدر کا منفرد بلاسودی ادارہ بیدر کارونیہ سوہاردا کریڈٹ سہکاری لمیٹیڈ کی چوتھی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ 24/دسمبر 2021ء کو کے ایس فنکشن ہال میلور بیدر پر منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا آغاز حافظ محمد رحمت اللہ خان ڈائرکٹر کارونیہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ محمد مجتبیٰ خان صدر برانچ انتظامی کمیٹی نے کارونیہ سوہاردا کریڈٹ سہکاری سنگھ لمیٹڈ کا تعارف پیش کیا اور تمام ذمہ داران و حاضرین کا استقبال کیا۔
محمد رفیق احمد صدر کارونیہ سوہاردا کریڈٹ سنگھ لمیٹیڈ کی سالانہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایاکہ بیدر کارونیہ کے کُل 1713مستقل ممبران ہیں۔ سال 2020-21ء میں کورونا کے قہر کے باوجود بیدر کارونیہ نے قابل قدر خدمات انجام دیتے ہوئے 1,52,24,496 روپئے کے کاروباری قرض اور 3,78,900 روپئے کا قرض حسنہ دیاہے، جو سالِ گذشتہ کے مقابل بالترتیب 4,50,000 اور 76000 زیادہ ہے۔ بیدر کارونیا نے سال 21-2020 میں 5,94,942 روپئے کا نفع حاصل کیا۔
جناب ذکی الدین کُل ہند ذمہ دار نے بیدر کارونیہ کی کارکردگی پر ذمہ داران اور تمام ممبران کو مبارکباد پیش کیا اور کہاکہ 2018 سے اب تک بیدر کارونیہ نے ملّت کے افراد کو تقریباً 4 کروڑ روپئے سود سے بچایا ہے۔ موصوف نے بتایاکہ اس وقت پورے ملک میں 14سوسائٹیاں قائم ہیں جن میں اب تک 500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری بھی ہے۔ تمام ممبران کو خوشخبری دی کہ ان شاء اللہ جنوری 2022ء سے کارونیہ کی ATM خدمات کا آغاز ہوگا۔
محمد آصف الدین ڈائرکٹر بیدر کارونیہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایاکہ بلاسودی نظام جاری کرنا گویا عالمی استعمارکے خلاف جہاد ہے۔ موصوف نے مزید کہا کہ کارویہ کے ممبران کے اندر اپنے قرضدار ممبران کی مدد کرنے اور اُن پر سے قرض کا بوجھ اُتار دینے کا جذبہ ہونا چاہئے۔
اسٹیج پر رفیق احمد صدر، محمد احتشام الحق نائب صدر، مسیح الدین سکریٹری، کے علاوہ بورڈ آف ڈائرکٹرس میں محمد نظام الدین، محمد صاحب، محمد آصف الدین، حافظ محمد رحمت اللہ خان، شیکھر چوہان، محمد اشفاق اور محترمہ صبیحہ خانم صاحبہ موجود رہے۔ محمد مسیح الدین صاحب سکریٹری کارونیہ کے اظہار تشکر کے ساتھ میٹنگ کا اختتام عمل میں آیا۔