ٹی ایم سی کا مطلب ’ٹیمپل، مسجد اور چرچ‘: ممتا بنرجی
ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم یہاں ووٹوں کی تقسیم کے لئے نہیں بلکہ ووٹوں کو یکجا کرنے اور ٹی ایم سی اتحاد کی جیت کو یقینی بنانے آئے ہیں۔ یہ بی جے پی کا متبادل ہے۔
نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس بین روایتی اور کثیر مذہبی ریاست کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ہی گوا میں بی جے پی حکومت کا واحد متبادل ہے۔ انہوں نے ساحلی ریاست میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ٹی ایم سی کا مطلب ’ٹیمپل (مندر) مسجد اور چرچ‘ ہے۔ ممتا بنرجی نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب وزیر اعظم مودی کاشی وشوناتھ کوریڈور کا افتتاح کرنے کے لئے وارانسی میں موجود ہیں۔
ممتا بنرجی نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے پنجی میں کہا کہ ’’ہم بی جے پی سے لڑ رہے ہیں۔ کیا جیتنے کا کوئی موقع ہے؟ کیا آپ کو یقین ہے ہم جیت سکتے ہیں؟ اگر آپ پُراعتماد ہیں تو پیچھے مت ہٹیں اور آگے قدم بڑھائیں۔‘‘
گوا کے ایک روزہ دورے پر ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہم یہاں ووٹوں کی تقسیم کے لئے نہیں بلکہ ووٹوں کو یکجا کرنے اور ٹی ایم سی اتحاد کی جیت کو یقینی بنانے آئے ہیں۔ یہ بی جے پی کا متبادل ہے۔ اگر کوئی اس کی حمایت کرنا چاہتا ہے تو اس کا فیصلہ انہیں کرنا ہے۔ ہم پہلے ہی فیصلہ کر چکے ہیں۔ ہم لڑیں گے، مریں گے لیکن پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘
خیال رہے کہ گوا ایک ہندو اکثریتی ریاست ہے جہاں بڑی تعداد میں عیسائی بھی رہتے ہیں جو اپنے پرتگالی ماضی کی وراثت کو سنبھالے ہوئے ہیں۔ ریاست میں مسلمانوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ ریاست میں پہلے کانگریس کا راج چلتا تھا لیکن گزشتہ سالوں سے یہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔ ترنمول کانگریس 2022 میں ہونے جارہے اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی عوامی حمایت میں توسیع کی خواہاں ہے۔