اراکین پارلیمان کی معطلی اپوزیشن کی آواز کو دبانے کیلئے حکمران BJP کی مایوسی کا عمل ہے: SDPI
نئی دہلی: یکم دسمبر (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ مانسون اجلاس کے آخری دن احتجاج کرنے پر پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کی باقی مدت کیلئے راجیہ سبھا کے 12اراکین پارلیمان کی معطلی قابل مذمت ہے۔ یہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کیلئے حکمران بی جے پی کی مایوسی کے سوا کچھ نہیں اور یہ اقدام جمہوریت کے اصولوں کے خلاف بھی ہے۔
اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ جنرل انشورنس بزنس(نیشنلائرزیشن) ترمیمی بل کو سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کیے بغیر منظور کرنے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ انہوں نے پیگا سس اسپائی ویئر کے معاملے پر بھی بات چیت کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، حکمران بی جے پی اپوزیشن کے مطالبات اور احتجاج پر دھیان دینے میں مغرور اور اناپرست تھی۔ اگرچہ اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے گئے دونوں مسائل بہت سنگین تھے جنہوں نے واضح طور پر جمہوریت کی اقدار کو مجروح کیا۔ حکمران بی جے پی نے اس پر ذرا بھی غور نہیں کیا۔
ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے اپوزیشن پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہوکر مرکزی حکومت کے غیر جمہوری اور اناپرستانہ اقدام کی مخالفت کریں اور جمہوریت کو تباہ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائیں۔