تحریک کے دوران جان گنوا دینے والے کسانوں کی شہادت ہمیشہ زندہ رہے گی: کیجریوال
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے زراعت کے تین قوانین کی منسوخی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کے دوران جان گنوا دینے والے کسانوں کی شہادت ہمیشہ زندہ رہے گی
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے زراعت کے تین قوانین کی منسوخی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کے دوران جان گنوا دینے والے کسانوں کی شہادت ہمیشہ زندہ رہے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے زراعت کے تین قوانین کو منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد مسٹر کیجریوال نے ٹویٹ کیا ’’آج پرکاش دیوس پر کتنی بڑی خوش خبری ملی۔ تینوں قوانین منسوخ کر دیے گئے۔ 700 سے زیادہ کسان شہید ہوئے، ان کی شہادت لازوال رہے گی۔ آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی کہ کس طرح اس ملک کے کسانوں نے اپنی جان کی بازی لگاکر کاشتکاری اور کسانوں کو بچایا تھا۔ میرے ملک کے کسانوں کو سلام۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج قوم سے اپنے خطاب میں تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین کو واپس لینے کا عمل اس ماہ کے آخر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شروع ہو جائے گا۔