ضلع بیدر سےہمناآباد

لیلین پبلک اسکول راجیشور میں یومِ اُردو کے موقع پر مشاعرے کا انعقاد

ہمناآباد: 15/نومبر(ایس آر) خان برادرس ایجوکیشن ٹرسٹ کے ماتحت چلائے جانے والے لیلین پبلک اسکول راجیشور میں یوم اُردو اور یوم قومی تعلیم کے موقع پر تعلیمی مظاہر ہ و مشاعرے کا انعقاد کیا گیا،پہلی نشست میں طلبہ کا تعلیمی مظاہر ہ منعقد کیا گیا جس کا آغاز حافظ محمد اظہر الدین کی قرآت کلام پاک سے کیا گیا حمد باری تعالی پی یو سی فرسٹ ائیر کی طالبہ فرحین بانو نے پیش کی اور نعت نبوی کا نذرانہ عقیدت فرسٹ ائیر کے طالب علم محمد چاندنے پیش کیا،خطبہ استقبالیہ دسویں جماعت کی طالبہ عطیہ صدف نے پیش کیا۔

بعدازاں جملہ تیس طلبہ وطالبات نے تقاریر،رباعیات،غزلیات،نظمیں،مناجات،کے علاوہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے اشعار پیش کئیے۔بعد ازاں تعلیمی مظاہرہ کے صدر ڈاکٹر سید عبدالحکیم ساغر گلبرگہ نے اپنے خطاب میں طلباء کے تعلیمی مظاہر ہ کی بھرپور ستائیش کی اور اسکول انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی،اس تعلیمی مظاہرہ کی نظامت دسویں جماعت کی طالبات عطیہ صدف،حباارم،اور علفیہ ناز نے بحسن خوبی انجا م دئیے۔دوسری نشست میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بسو اکلیان کے معروف شاعر محمد مقیم باگ نے فرمائی۔

اس موقع پر کنٹراء ادیب وشاعر محمد شکیل آئی،ایس نے کنٹراء زبان میں حب الوطنی کے موضوع پر نظم سنائی،مسرور نظامی نے بہترین انداز میں اصلاحی اشعار پیش کیے،محمد تمیزالدین تمیز نے بچوں کے لئیے اصلاحی کلام اور غزل سنائی،اسلم دانش نے بھی نصیحت آمیز اشعار سنائے،محمد حامد سلیم بیدر نے مزاحیہ اشعار کے ذریعہ سامعین کی توجہ حاصل کی،محمد منور علی شاہد نے یوم اُردو کی مناسبت سے اشعار سنائے،عظیم بادشاہ بھالکی نے محبوبہ کی شان میں غزل سنائی،محمد مقصود علی مقصود نے مزاحیہ قطعات و اشعار کے ذریعہ سامعین کو ہنسنے پر مجبور کیا۔

بزرگ شاعر لطیف خلیش نے غزلیات سناتے ہوئے محفل کی توجہ حاصل کی،محمد جاوید احمد نقیب نے بھی غزل سنا کر سامعین سے داد حاصل کی،ڈاکٹر عبدالحکیم ساغر نے اسٹیج پر مزاحیہ اداکاری کے ذریعہ سامعین کو بہت ہنسایا،آخر میں مشاعرے کے صدر محمد مقیم باگ نے ترنم میں غزل اور اشعار سنا کر محفل کو مسرور کیا اور اظہار خیال کرتے ہوئے مشاعرے کے انعقاد پر اسکول انتظامیہ کو دلی مبارک باد پیش کی اور مستقبل میں جب کبھی بھی مشاعرہ منعقد کیا جائے تو اس میں بیرونی اضلاع کے شعراء کو بھی مدعو کرنے کی صلاح دی۔

اس مشاعر ے کی نظامت محمد تنویر احمد سلمان نے کی اورعبدالماجد نے اختتامی کلمات ادا کئیے۔صدر ادارہ عبدالکریم خان،نائب صدر نجیب خان،اور سیکریٹری نور خان نے تمام سامعین اور اہل ذوق احباب کا شکریہ ادا کیا۔اس تعلیمی مظاہرے اور مشاعر ے کو کامیاب بنانے کے لئیے صدر مدرس شیخ چاند پاشاہ،محمد علاؤ الدین،سید ہ جبین کے علاوہ جملہ اساتذہ نے اپنا تعاون پیش کیا۔ (رپورٹ: سیدرضوان)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!