مچھر مارنے والی کوائل کے سبب لگی آگ، 1 ہی کنبہ کے 4 افراد ہلاک
قومی راجدھانی دہلی کے اولڈ سیماپوری علاقہ میں منگل کی صبح پیش آنے والے دلخراش حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے 4 افراد کی جان چلی گئی
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے اولڈ سیماپوری علاقہ میں منگل کی صبح پیش آنے والے ایک دلخراش حادثہ میں کئی افراد کی جان چلی گئی۔ اطلاعات کے مطابق ایک مکان میں آگ لگنے کی وجہ سے کنبہ کے 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کو علی الصبح 4 بج کر 7 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اس کے بعد تقریباً 4 گھنٹوں میں آگ پر قابو پایا گیا۔ بعد ازاں، فائر بریگیڈ کے اہلکار جب مکان کی تیسری منشل پر پہنچے تو ایک کمرے میں کنبہ کے چار افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔
دہلی پولیس کے مطابق مکان کی تیسری منزل میں ایک چھوٹے سے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے افراد کے نام 58 سالہ ہوری لال، ان کی 55 سال کی اہلیہ رینا، 24 سال کا بیٹا آشو اور 18 سال کی بیٹی روہنی ہیں۔ ہوری لال شاستری بھون میں درجہ چہارم کے ملازم تھے اور نہیں مارچ 2022 میں ملازمت سے سبکدوش ہونا تھا۔ ان کی بیوی ایم سی ٹی میں سویپر تھیں، آشو بیروزگار تھا جبکہ روہنی سیماپوری میں ایک سرکاری اسکول سے 12ویں کر رہی تھی۔
پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 436، 304 اے کے تحت تفتیش شروع کر دی ہے۔ فائر بریگیڈ کے مبابق تمام افراد کی موت دم گھنٹے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ابتدائی طور پر محسوس ہوتا ہے ماسکیٹو کوائل (مچھر مانرے والی کوائل) سے آگ لگی اور کمرے میں دھواں بھر گیا تاہم تفتیش ابھی جاری ہے۔ مارے گئے لوگوں کی پوسٹ مارٹم کرانے کے لئے بھیجا گیا ہے۔
مانا جا رہا ہے کہ رات کے وقت سبھی لوگ سو رہے تھے اس وجہ سے آگ کا کسی کو معلوم نہیں ہو سکا اور آگ نے انتہائی خطرناک شکل اختیار کر لی۔ آتشزدگی میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر موصول ہونے پر موقع پر لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی طور پر تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔ مقامی لوگ بھی اس پر کچھ نہیں کہہ پا رہے ہیں۔