بیدر میں ایچ آرایس و جماعتِ اسلامی کی جانب سے مریضوں کی عیادت، پھلوں اور دوائیوں کی تقسیم
بیدر: 24/اکٹوبر(اے این این) بھوکوں کو کھانا کِھلانا، یہ کوئی معمولی کام نہیں ہے، بیدر میں سوائے HRS کے ایسی کوئی این جی او یا آرگنائزیشن نہیں ہے جو تقریبا 570 دنوں سے لگاتار پریشان حال مستحق وغریب لوگوں میں مفت کھانا تقسیم کررہی ہو۔ ایسی کوئی کمیٹی یا فرد نہیں ہے جو یہ اہم اور نیک کام انجام دے رہا ہو، اس کے لیے میں ذاتی طور پر ایچ آرایس ٹیم بیدر کو مبارکباد دیتا ہوں اور ساتھ ہی پوری ٹیم کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔ چاہے کوئی بھی کمیونٹی، سوسائٹی اور فرد کے پاس کتنا بھی پیسہ ہو لیکن یہ کام مسلسل نہیں کرسکتا۔ جسے ایچ آر ایس ایمانداری اور مسلسل کوشیشوں سے انجام دے رہی ہے۔ یہ باتیں سنتوش پاٹل مالک جھرا واٹر سپلائی بیدر نے بریمس اسپتال بیدر میں ایچ آرایس و جماعتِ اسلامی کی جانب سے مریضوں کی عیادت، پھلوں اور دوائیوں کی تقسیم سے قبل کہیں۔

اس موقعہ پر سیدعبدالستار انجنیئر امیر مقامی جماعتِ اسلامی ہند، بیدر نے بتایا کہ مریضوں کی عیادت اور ان کے لئے دعا کرنا بھی سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے، اسی احساس کے ساتھ 10 روزہ سیرت مہم کی ایک کڑی کے طور پر ایچ آر ایس اور جماعتِ اسلامی کے اشتراک سے آج کا پروگرام یہاں بیدر کے بریمس ہاسپٹل کے احاطہ میں ذمہ داروں کی پرمیشن سے یہ پروگرام رکھاگیا ہے، جس میں بیماروں کے پاس جا کر ان کی عیادت کرنا، ان میں فروٹ کی مفت تقسیم اور انہیں تسلی دینا کہ اللہ انہیں اچھا اور صحت مند کرے اور انہیں ہمت و دلاسہ دینا اہم کام ہے۔ اس کے علاوہ آج کے دن اس اسپتال میں شریک غریب لوگوں کو جنہیں باہر سے لانے کے لیے لکھی ہوئی دوائیوں کا جملہ خرچ ایچ آر ایس و جماعتِ اسلامی بیدر کی جانب سے ادا کیا جائیگا۔
امیر مقامی نے بتایا کہ اس دنیا میں بہت سے پیغمبر آئے اور انسانوں کو اچھی باتیں بتاتے رہے کہ خدا کی مرضی کیا ہے؟ اس کے حساب سے کیسا چلنا ہے؟ اچھا کیا ہے؟ برا کیا ہے؟ بھلائی اور انسانیت کا راستہ بتائے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے آخری پیغمبر ہیں جو آج سے ساڑھے چودہ سو سال پہلے ربیع الاول کے اسی مہینے میں پیدا ہوئے۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں کو بتایا کہ سب انسان اللہ کے بندے ہیں اور اللہ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کوآخری پیغمبر بنا کر بھیجا ہے۔ ہم سب بحیثیت انسان آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر چلنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری زندگی میں ہم خدا کی عبادت کرتے ہوئے گذرنی چاہیے، ہم خدا سے ڈر کر اگر دنیا میں صحیح، اچھے اور نیک راستے پر چلیں گے تو پھر خدا نے ہمارے لیے جنت رکھی ہے اور اس کے برعکس چلیں گے تو جہنم ہمارا ٹھکاناہوگا۔ اس موقعہ پر محمد آصف الدین رکن ریاستی مجلس شوری، جماعت اسلامی ہند، کرناٹک نے بھی مختصر اظہارِ خیال کیا۔ ڈائریکٹر بریمس ڈاکٹر چندرکانت چلرگی، سپریڈنٹ آفیسر بریمس ڈاکٹر شیوکمارشیٹکر، ڈگمبر میڈوال کونسلر وارڈ نمبر 20، روہن، ماجد بلال اور دیگر موجود رہے۔
بعد ازاں گورنمنٹ ہاسپٹل کے مختلف وارڈس میں شریک میں مریضوں میں پھل اور پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔ این جی اوز کے وابستگان کے علاوہ جماعت اسلامی ہند، بیدر اور ایچ آر ایس کی ٹیم سے وابستہ افراد نے ایک ایک مریض کے پاس پہنچ کر اُن کی عیادت کی اور انہیں دعا کے لیے کہا گیا۔ اس موقع پر سید سہیل احمد صدر اے پی سی آر، ضلع بیدر، محمد عارف الدین معاون امیر مقامی، محمد طحہ کلیم اللہ سیکریٹری مقامی جماعت اسلامی بیدر، محمد شفیع الدین، عابد حسین، محمد ابرار و دیگر موجود تھے۔ ایچ آر ایس گروپ لیڈر محمد شعیب الدین، محمد ذاکر اور دیگر موجود احباب نے تمام کاموں کو بحسن وخوبی انجام دیا۔