بیدر میں سوچھ بھارت مہم کی کمان وزیر پربھوچوہان نے سنبھالی
بیدر:22/اکٹوبر(وائی آر) آج 22/اکٹوبر کو ضلع نگران کاروزیر پربھوچوہان نے شہر کے مختلف وارڈس پہنچ کر سوچھ بھارت مہم کی حالت ملاحظہ کی۔ جہاں کہیں وہ جاتے تھے انہیں شہر کے وارڈوں میں کچرا، گندی نالیاں اور نالیوں کا پانی سڑک پر ملاکرتاتھا۔ یاپھر ٹوٹی ہوئی سڑکیں نظر آتی تھیں۔ ان کے ساتھ موجود مختلف محکمہ کے افسران پر وہ مبینہ طورپر غصہ ہوئے اور ہدایت دی کہ فوری طورپر شہر کو کچرے اور گندگی سے پاک کیاجائے۔
وزیرموصوف نے بلالحاظ ذات پات مختلف وارڈس کا دورہ کیا۔اور اس دورہ سے انہیں مایوسی ہاتھ لگی۔ واضح رہے کہ کئی دنوں سے شہرکی گندگی کے بارے میں اردو اور کنڑا اخبارات لکھ رہے تھے اس کے باوجود متعلقہ محکمہ کے افسران نے کوئی ایکشن نہیں لیاتھا۔ یہ بات بھی بتاتے چلیں کہ قدیم شہر کے اطراف موجود خندقیں گندے پانی سے بھری ہوئی ہیں۔ جس کے سبب مچھروں کی بکثرت افزائش ہورہی ہے جس کا صحت پر اثر پڑرہاہے لیکن ان خندقوں کی صفائی کے لئے بھی کوئی قدم نہیں اٹھایاجاتا۔