مرکزی وزیرمملکت کی برطرفی کا مطالبہ، کانگریس وفد کی صدرجمہوریہ سے ملاقات
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ لکھیم پور کھیری معاملہ کی منصفانہ جانچ ہو اور اس کے لئے ضروری ہے کہ وزیر مملکت کو پہلے برطرف کیا جائے۔
لکھیم پور کھیری معاملہ پر کانگریس کے ایک اعلی سطحی وفد نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔ پانچ ارکان کے اس وفد میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، غلام نبی آزاد، ملیکارجن کھڑگے اور اے کے انٹونی شامل تھے۔ پرینکا گاندھی جو اس معاملہ کو لے کر بہت سنجیدہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملہ کی منصفانہ جانچ ہو۔
ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ آج ہی اس معاملہ پر حکومت سے بات کریں گے۔ پرینکا گاندھی نے بتایا کہ وفد نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ امور اجے مشرا ٹینی کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ متاثرہ خاندان صرف انصاف چاہتے ہیں اور وہ موجودہ جج سے معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر مملکت کی برطرفی کا مطالبہ کانگریس کی مانگ نہیں ہے، ہمارے ساتھیوں کی مانگ نہیں ہے یہ عوام کی مانگ ہے اور متاثرہ کسان خاندانوں کی مانگ ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لکھیم پور کھیری کے متاثرہ خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ جس نے بھی ان کے بیٹے کا قتل کیا ہے اسے سزا ملنی چاہئے اور یہ بھی کہا کہ جس شخص پر قتل کا الزام ہے اس کے والد ملک کے وزیر مملکت برائے داخلہ امور ہیں اور جب تک وہ عہدے پر فائز ہیں تب تک اس معاملہ میں متاثرین کو انصاف نہیں ملے گا۔