امیت شاہ کے گھر کے سامنے یوتھ کانگریس کا مظاہرہ
یوتھ کانگریس نے لکھیم پور کھیری کے واقعہ کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا
نئی دہلی: یوتھ کانگریس نے لکھیم پور کھیری کے واقعہ کے خلاف سنیچر کو یہاں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا اور کہا کہ مودی حکومت کسان مخالف ہے ا ور کسانوں کو اپنی گاڑی کے نیچے کچلنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرانے کا معاملہ دنیا کے سامنے ہے۔
کانگریس کے یوتھ تنظیم کے کارکنوں نے اس دوران حکومت مخالف نعرے لگائے اور وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کو کابینہ سے ہٹانے اور کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچلنے کے ملزم آشیش مشرا کو فوری طورپرگرفتار کرنے کی مانگ کی۔
یوتھ کانگریس کے صدر شری نواس بی وی نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ داخلہ کے وزیرمملکت کے بیٹے کی گاڑی جان بوجھ کر کسانوں کو روندتی ہے لیکن ملزمین کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکمراں جماعت کسانوں کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے خلاف کھڑی نظر آتی ہے۔ لکھیم پور کھیری کا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت انجام دیا گیا ہے تاکہ کسانوں میں خوف کا ماحول پیدا کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مشرا نے کسانوں کو دھمکی دی تھی لیکن اب تک داخلہ کے وزیرمملکت بنے ہیں۔ یوتھ کانگریس کے صدر کے قومی میڈیا انچارج راہل راو نے کہاکہ مظاہرہ کررہی تنظیم کے کئی نوجوانوں کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ پولیس کئی یوتھ کانگریس کارکنوں کو حراست میں لیکر مندر مارگ تھانہ لیکر گئی۔