تلنگانہ: تعلیم کا سلسلہ منقطع کرنے سے روکنے، حکومت تمام طلبا کی اسکالرشپس کو فوری جاری کرے
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدر محمد رفیق کاحکومت سے مطالبہ
حیدرآباد:3 /اکٹوبر (پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق، بانی جہانگیر پاشاہ اور نیشنل سکریٹری محمد رمضان علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں اور خاص کر اردو کے تعلق سے ہمدردی کے دعوے کرتی ہے لیکن اردو کے لیے عملی اقدامات کم ہی اٹھائے جاتے ہیں۔ کئی طلبا اسکالرشپس سے محروم ہوکر تعلیم منقطع کررہے ہیں۔ اقلیتی برداریوں دلت، مسلم اور اوبی سیز سے تعلق رکھنے والے 12,9719 طلبا 2014 سے اب تک اسکالرشپس سے محروم ہو کر تعلیم کو منقطع کرچکے ہیں۔
پوسٹ میٹر اسکالرشپس (ایم ٹی ایف) اور ٹیوشن فیس کی واپسی (آرٹی ایف) 1.29 لاکھ طلبا کو نہیں دی گئی۔ تلنگانہ مقننہ میں وزیر اقلیتی بہبود کوپولہ ایشور نے یہ اعداد و شمار اسمبلی میں جاری کیے۔ گزشتہ دنوں کانگریس قائدمحمد علی شبیر نے بھی ٹی آر ایس حکومت کی توجہ ڈراپ آوٹ کرنے والے طلبا کی جانب مبذول کروائی۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ تعلیم کے شعبہ پر توجہ دیتے ہوئے ڈراپ آوٹ کرنے والے طلبا ء کی تعداد کو روکے۔
غریبی اور مفلسی کی وجہ سے کئی طلبا اپنی تعلیم کو جاری نہیں رکھ پارہے ہیں۔ حکومت ان طلبا کو اسکالرشپس کی اجرائی میں ٹال مٹول کرتے ہوئے ان کو تعلیم سے دور کررہی ہے۔ غریب بچوں کو تعلیم کی جانب لے جانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تعلیم کے بجٹ میں فوری اضافہ کرتے ہوئے اسکالرشپس کی رقم تمام طلباء میں تقسیم کرنا چاہئے۔
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق، بانی جہانگیر پاشاہ اور نیشنل سکریٹری محمد رمضان علی نے مطالبہ کیا کہ غریب اور مستحق طلباء کو تعلیم کی طرف راغب کرنا چاہئے اور انھیں تعلیم کا سلسلہ منقطع کرنے سے روکنا چاہئے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ تعلیم حاصل کرنے والے تمام طلبا کی اسکالرشپس کو ادا کرے اور ریاست کی تعلیمی ترقی میں مدد کرے۔