تازہ خبریں

سعودی عرب: قومی دن کی فوجی پریڈ میں خواتین کی پہلی بار شرکت

سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خاتون فوجیوں نے سعودی قومی دن پر منعقد ہونے والی پریڈ میں شرکت کی

الریاض: سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خاتون فوجیوں نے سعودی قومی دن پر منعقد ہونے والی پریڈ میں شرکت کی۔ مختلف فوجی عہدوں پر معمور سعودی خواتین نے 91 ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی دفاعی پریڈ میں بھرپور شرکت کی۔

سعودی عرب کی دفاعی قوت کی مظہر اس پریڈ کو سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمٹ اتھارٹی اور وزارت دفاع کے تعاون سے دارالحکومت ریاض میں منعقد کیا گیا تھا۔ اسی طرح کی ایک اور فوجی پریڈ جدہ میں بھی منعقد کی گئی تھی۔

پریڈ میں سینکڑوں سعودی شہریوں اور مقیمین نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے فوجیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ سعودی قومی دن ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن 1932 میں شاہ عبدالعزیز ابن سعود کے شاہی حکم نامے پر نجد اور حجاز کی مملکت کا نام بدل کر مملکت سعودی عرب رکھ دیا گیا تھا۔

سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے 23 سے 25 ستمبر تک شہریوں کے لئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا ہے تاکہ قومی دن کو یادگار بنایا جاسکے۔

ماہ فروری کے دوران سعودی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ سعودی خواتین فوج میں بھرتی کے پورٹل کے ذریعے سے سعودی فوج میں شمولیت کی درخواست دے سکتی ہیں۔ یہ فیصلہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 انیشی ایٹو کا حصہ ہے جس کے تحت مختلف شعبہ جات میں خواتین کے کردار کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔

خواتین کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ سعودی بری فوج،، شاہی ائیر فورس، شاہی بحری فوج، شاہی سٹریٹیجک میزائل فورس اور آرمڈ میڈیکل فورسز میں بھرتی ہو سکیں گی۔ سعودی خواتین کو فوجی، لانس کارپورل، کارپورل، سارجنٹ اور اسٹاف سارجنٹ کے عہدوں پر بھی بھرتی کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!