خبریںقومی

اسدالدین اویسی کے گھر پر ہوئے حملے کی انڈین یونین مسلم لیگ نے کی سخت مذمت

تروچی: 24/ستمبر (پی آر) انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے قومی صدر پروفیسر کے ایم قادر محی الدین نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمان اسدالدین اویسی کی دارالحکومت دہلی میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کی ہے اور انہیں ایک مکتوب لکھا ہے۔

جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 22ستمبر2021 کو نیو انڈین ایکسپریس میں یہ رپورٹ دیکھ کر بہت صدمہ ہوا ہے کہ پانچ گمراہ ہندوسینا کے شرپسندوں نے نئی دہلی میں آپ کی 34، اشوکا روڈ رہائش گاہ پر حملہ کیا ہے۔ خدا کا شکرہے کہ آپ غنڈوں کے حملے سے بچ گئے کیونکہ آپ اس وقت گھر میں موجود نہیں تھے۔ جن لوگوں کو گھر کے گیٹ کو کھولنے اور توڑ پھوڑ کرنے پر اکسایا گیا ہے وہ درحقیقت بزدل ہیں۔ ان لوگوں نے بحث ومباحثہ کا فن سیکھا نہیں ہے اور نہ ہی انہیں مدلل جوابات دینے کا فن آتا ہے۔ جو لوگ آئین اور ہندوستانی جمہوری نظام پر یقین رکھتے ہیں وہ یقینا اس حملے کی مذمت کریں گے۔

انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر کے ایم قادر محی الدین نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ آئی یو ایم ایل کی طرف سے میں غنڈوں کے اس بزدلانہ حرکت کی سخت مذمت کرتا ہوں اوراللہ رب العزت سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو صبر، حوصلہ اور ہمت دے تا کہ آپ ملک میں موجود بری طاقتوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!