تازہ خبریں

برطانیہ نے’کووی شیلڈ‘ کو دے دی منظوری، لیکن ہندوستانی سرٹیفکیٹ کو نہیں!

برطانیہ نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ذریعہ تیار کردہ کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘ کو اپنے نئے ٹریول ایڈوائزری ضابطوں میں منظوری تو دے دی ہے، لیکن ہندوستانی مسافروں کے لیے مسئلہ ہنوز برقرار ہے۔

ہندوستان نے برطانیہ کے ذریعہ کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘ کو منظوری نہ دیئے جانے کے خلاف گزشتہ روز زور و شور سے آواز اٹھائی تھی جس کا اثر یہ ہوا ہے کہ اب اس ویکسین کو منظوری مل گئی ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہندوستانی مسافروں کے ساتھ کوارنٹائن کا مسئلہ برقرار رہے گا، کیونکہ برطانیہ نے ہندوستان کے سرٹیفکیٹ کو منظوری نہیں دی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق برطانیہ نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ذریعہ تیار کردہ کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘ کو اپنے نئے ٹریول ایڈوائزری ضابطوں میں منظوری تو دے دی ہے، لیکن ایک پیچیدگی برقرار ہے۔ اب بھی برطانیہ جانے والے ہندوستانیوں کو کوارنٹائن کے 10 دن گزارنے ہوں گے کیونکہ برطانیہ نے ہندوستان کے ویکسین سرٹیفکیٹ کو فی الحال منظوری نہیں دی ہے اور اس تعلق سے گفت و شنید جاری ہے۔

نئی گائیڈلائنس کے مطابق ایسٹرازینیکا کووی شیلڈ، ایسٹرازینیکا وجیوریا اور ماڈرنا ٹکیڈا کے فارمولیشن کو منظوری دی گئی ہے۔ حالانکہ کووی شیلڈ کی دونوں خوراک لینے والے مسافروں کو اب بھی 10 دن کوارنٹائن رہنا لازمی ہے۔ برطانیہ حکومت نے کہا ہے کہ وہ ویکسین سرٹیفکیٹ کی منظوری کو لے کر ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!