چٹگوپہ بلدیہ کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر طلب کیے جائیں گے: چیف آفیسر
چیف آفیسر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد محمد حُسام الدین بابا کا بیان
چٹگوپہ بلدیہ کی جانب سے کروڑوں روپیوں کے ترقیاتی کاموں کے جلد ٹینڈر طلب کئیے جائیں گے جن میں نگر اُتھان اسکیم کے تحت 4 کروڑ70لاکھ روپیوں سے چٹگوپہ کی قدیم واٹر سپلائی پائپ لائین کو تبدیل کیا جائے گا اور 2کروڑ 22لاکھ روپیوں کے دیگر ترقیاتی کاموں کے جلد ٹینڈر طلب کئیے جائیں گے۔ یہ بات چٹگوپہ بلدیہ کے نئے چیف آفیسر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد محمد حُسام الدین بابا نے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کے چٹگوپہ کے بلدی حدود میں پینے کی پائپ لائین 1971 میں کی گئی تھی جو کے صرف 200 کنکشن کے لئے تھی مگر موجودہ وقت میں اس پائپ لائین پر 4 ہزار کنکشن موجود ہیں جس کی وجہہ سے نلوں کے ذریعہ پانی پریشر کے ساتھ نہیں آتا ہے اس مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کے لئے نانا حضرت کی درگا ہ اور این جی اُو کالونی میں 4 لاکھ لیٹر کے 2 اُور ہیڈ واٹر ٹینک تعمیر کئے جائیں گے اور تمام چٹگوپہ کی قدیم پائپ لائین کو تبدیل کیا جائے گا۔
یہ کام مکمل ہونے کے بعد اگلے 30 سالوں تک اہلیان چٹگوپہ کو پینے کے پانی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہو گا، چٹگوپہ بلدیہ کے تحت 2 شاپنگ کامپلکس موجود ہیں جن میں 20 دوکانوں کے کرایہ کی معیاد ختم ہو چکی ہے ان کو دوبارہ ہراج کیا جائے گا اور نئے تعمیر کردہ نو دوکانوں کا افتتاح کیا جائے گا۔
افتتاح کے بعد جملہ 29 دوکانوں کو بیدر ڈپٹی کمشنر کے حکم کے بعد ہراج کیا جائے گا مذکورہ دوکانوں کی کاروائی اگلے 2ماہ میں انجام دی جائے گی اس کے علاوہ چٹگوپہ بلدیہ کے تمام اسٹریٹ لائٹ کو ایل ای ڈی لائٹ میں تبدیل کیا جائے گا اور ہڈگی پمپ ہاؤس میں موجود125ایچ،پی کی موٹر کو اور برقی ٹرانسفارمر کو درست کیا جائے گا،اوربلدیہ کے کچرہ اٹھانے والی گاڑیوں کو درست کرتے ہوئے ہر گھر سے کچرہ اُٹھا یا جائے گا۔
بار ش کی وجہہ سے چٹگوپہ کے جو بھی سڑکیں خراب ہوئی ہیں جلد از جلد ان کو بھی درست کرنے کے اقدامات کرنے کی بات کہی انہوں نے۔ محمد حُسام الدین بابا نے جائزہ حاصل کرنے کے دوسرے دن ہی کرونا ویکسین کیمپ کو اپنی نگرانی میں کامیابی سے منعقد کر تے ہوئے 407افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگوایا ہے۔