بیدر میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کرناٹکا کا جلسہٴ تقسیم انعامات
بیدر: 19/ستمبر (اے این این) بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کرناٹکا کی چلائی جارہی 15روزہ ریاستی مہم آوٴ تعلیمِ اسلامی حاصل کریں موضوع پر ایک جلسہ شہر بیدر کے ممتاز فنکشن ہال میں منعقد ہوا، جسکی صدارت سید عبدالستار امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر نے کی۔
بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے تحت چلائی جانے والی 15روزہ مہم کا تعارف پیش کیا گیا۔ مذکورہ بالا اجلاس کے ذریعے بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے تحت چلائے جانے والے مختلف کورسز میں نمایاں کامیابی درج کرنے والے طلبہ و طالبات میں تقسیم انعامات کی تقسیم بھی عمل میں آئی۔
اس موقع پر مولانا مونس کرمانی صدر مجلس العلماء بیدر نے نئی نسل کو دینی تعلیم کی اہمیت و ضرورت موضوع پر خطاب کیا، جبکہ محمد معظم سیکرٹری رابطہ ملت بیدر نے بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے قیام کے اغراض ومقاصد اور اسکی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اس کے مختلف کورسز کی تفصیلات پیش کی۔
اس جلسہ میں محمد آصف الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی حلقہ کرناٹک نے کلیدی خطبہ دیتے ہوئے بورڈ کے ذریعے انجام دیئے جانے والے مختلف سرگرمیوں کو معاشرے کی اشد ضرورت قرار دیا اور وقت و حالات کے پیش نظر مختلف واقعات کے حوالوں سے اس کی اہمیت پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر مفتی افسرعلی ندوی اور محترمہ بلقیس فاطمہ نے اپنے تاثرات و مشورے پیش کیے۔ بعدازاں بورڈ کے مختلف کورسیز میں نمایاں اور غیرمعمولی کامیابی درج کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی، جس کی کاروائی عبداللہ مدثر آزاد ضلعی سیکریٹری آئیٹا بیدر نے چلائی۔ سید عبدالستار امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر نے اختتامی کلمات پیش کیے۔ جلسہ کی کاروائی محمد عارف الدین معاون امیر مقامی جماعت اسلامی شہر بیدرنے انجام دی۔
اجلاس کا آغاز محمد ثناءاللہ رکن جماعت اسلامی ہند شہر بیدر کی تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ خطبہ استقبالیہ و مہمانان کا تعارف محمد اکرم علی ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند نے پیش کیا۔ اس موقع پر محمد نجم الدین عمری ناظم علاقہ جماعت اسلامی ہند کلبرگی اور دیگر تعلیمی اداروں کے ذمہ داران شہ نشین پر موجود تھے۔ جلسہ کا اختتام مولوی محمد فہیم الدین سابق امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر کی آن لائن دعا پر ہوا۔ تمام شرکاء کے لیے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔