بیدرضلع بیدر سے

خواتین کا رول وسیع ہے، اسلئے خواتین اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دیں: مدیراعلیٰ سیاسی تقدیر

دہلی سے بیدر تشریف لائے مستقیم خان مدیراعلیٰ ”سیاسی تقدیر“ کا خصوصی خطاب

بیدر: 18/ستمبر (وائی آر) قرآن نے ”اقرا“ کے اعلان کے ذریعہ تعلیم کی اہمیت کوبیان کیاہے اور چین جیسے دوردراز کے مقام تک جاکر علم حاصل کرنے کی ترغیب کتابوں میں ملتی ہے۔یادرکھیں کہ علم کاحصول اپنے طئے شدہ ہدف کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ یہ باتیں مستقیم خان مدیراعلیٰ روزنامہ ”سیاسی تقدیر“ دہلی /ممبئی /لکھنو/کولکتہ نے کہیں۔ دہلی سے بیدر آمد کے موقع پر رپٹن کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے گرلز کیمپس موقوعہ باورچی گلی، بیدر میں وہ آج18ستمبرہفتہ کو پی یوسی سال اول اور دوم کی طالبات سے خصوصی خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے بتایاکہ انسانی معاشرے میں خواتین کا رول مرد کے مقابلے ایک دوفیصد زائد ہی ہے،کم نہیں ہے۔ خواتین گھرکے رول کو بخوبی نبھاتی ہیں اور معاصرانہ تناظر میں خواتین کارول وسعت اختیار کرگیاہے لیکن ہماری لڑکیوں کو یہ ضروردیکھنا ہے کہ وہ کس دائرے میں محفوظ رہ کراپنی خدمات پیش کر سکتی ہیں۔ ڈاکٹر بنناچاہتی ہیں تو اس کے لئے مواقع ہیں۔ ٹیچربننا چاہتی ہیں تو اس کے لئے بھی وافر مواقع موجودہیں۔ ایک خاتون کاتعلیم یافتہ ہونا دراصل ایک خاندان کاتعلیم یافتہ ہوناہے اور تعلیم یافتہ خاتون ہی اچھائی اور برائی کی پرکھ کرسکتی ہے۔ جناب مستقیم خان نے صحافت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

بیدر کے نامور شاعر،ادیب اورصحافی محمدیوسف رحیم بیدری نے بھی زندگی کی اہمیت کو سمجھنے طالبات کو ترغیب دی اور ان سے اپیل کی کہ طالبات اپنی زندگی کی تعمیر دوسروں کی مدد کے جذبہ کے تحت کریں۔ والدین کے فرمانبردار بن کررہیں اور کبھی مایوس نہ ہوں۔ زندگی ایک بڑی نعمت ہے اس کی اور انسانیت کی بقا کے لئے جدوجہد کریں۔

پرنسپل جناب عامر کمال نے طالبات اور رپٹن کوچنگ سنٹر کا تعارف کروایا جبکہ تقریب کی صدارت حامد علی چیرمین رپٹن کوچنگ انسٹی ٹیوٹ نے کی۔دہلی سے تشریف لائے مہمان خصوصی مستقیم خان صاحب کی شالپوشی اور گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔

محمد امجد حسین اڈمنسٹریٹر رپٹن کوچنگ سنٹر بوائز سیکشن کے اظہار تشکر پر جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ ریاضی کے لیکچرر جناب ستیش برادار بھی موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!