افغانستان میں طالبانی حکومت آنے سے دنیا میں دہشت گردی بڑھنے کا خطرہ: پی ایم مودی
پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں حالیہ پیش رفت کا سب سے زیادہ اثر ہندوستان جیسے پڑوسی ممالک پر ہوگا، اس لیے اس مسئلے پرعلاقائی توجہ اور تعاون ضروری ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو مسلط کی گئی حکومت قرار دیا ہے اوراس سے دنیا میں دہشت گردی، بنیاد پرستی، عدم استحکام کا خطرہ اور ان کے ملک میں معاشی بحران بڑھنے کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ممالک کو افغانستان کے معصوم لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہائبرڈ موڈ میں منعقد ہونے والی 21ویں چوٹی کانفرنس کے تحت افغانسان پروقت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سی ایس ٹی او آؤٹ ریچ سمٹ سے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر دوشنبے میں موجود تھے۔
پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں حالیہ پیش رفت کا سب سے زیادہ اثر ہندوستان جیسے پڑوسی ممالک پر ہوگا۔ اس لیے اس مسئلے پرعلاقائی توجہ اور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں ہمیں چار نکات پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ پہلا مسئلہ یہ ہے کہ افغانستان میں حکومت کی تبدیلی، بغیر کسی رضامندی یا معاہدے کے ہوئی ہے۔
دوسرا مسٔلہ یہ ہے کہ اگر افغانستان میں عدم استحکام اور بنیاد پرستی جاری رہی تو یہ پوری دنیا میں دہشت گردی اور انتہا پسند نظریات کو فروغ ملے گا۔ دوسرے شدت پسند گروہوں کو تشدد کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کی ترغیب مل سکتی ہے۔