ممتا کے سر پر11 لاکھ کا انعام رکھنے کا معاملہ: BJP لیڈر کو گرفتار کرنے علی گڑھ پہنچی بنگال پولیس کے ساتھ مار پیٹ
علی گڑھ میں گزشتہ شب اس وقت ہنگامہ ہو گیا جب بنگال پولیس ایک مقامی بی جے پی لیڈر کو گرفتار کرنے پہنچ گئی، اس لیڈر نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے سر پر 11 لاکھ کا انعام رکھا تھا
علی گڑھ: مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی کے سر پر 11 لاکھ روپے کا انعام رکھنے والے بی جے پی لیڈر کو گرفتار کرنے کے لئے آنے والی بنگال کی پولیس کے ساتھ علی گڑھ میں مار پیٹ کی گئی۔ بنگال پولیس کے اہلکار دبش دینے کے لئے سول ڈریس میں پہنچے تھے، جن کے ساتھ مقامی لوگوں اور BJP کارکنوں نے ہاتھاپائی کی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد بھی کیا گیا، تاہم موقع پر پہنچی مقامی پولیس نے انہیں بچایا اور انہیں بحفاظت باہر نکالا۔ بنگال پولیس کے اہلکاروں پر بی جے پی لیڈروں نے گھر میں گھس کر چھیڑ چھاڑ کرنے کا الزام عائد کیا۔ وہیں، علی گڑھ پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔
بنگال پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ مارپیٹ کے معاملے پر علی گڑھ کے ایم ایل سی مانویندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ پولیس نے ہمارے کارکن یوگیش کے گھر پر چھاپہ مارنے کا کام بغیر کسی اطلاع کے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نام نہاد لوگ مغربی بنگال سے آئے تھے جو سول ڈریس میں تھے۔ یہاں کے پولیس والے بتا رہے ہیں کہ وہ انہیں گمراہ کر کے لے گئے تھے۔ ہم نے بنگال پولیس کے خلاف تحریر دے دی ہے۔ انہوں نے بغیر اطلاع دئے گھر میں داخل ہو کر بدسلوکی کی، خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور ان کے استحصال کی کوشش بھی کی گئی۔
دوسری جانب پولیس سرکل افسر محسن خان کا کہنا ہے کہ دوسری ریاست کی پولیس سے وابستہ کچھ لوگ یہاں آئے تھے۔ ہم پورے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ابھی ہم معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور تحقیقات کے بعد ہی کچھ مزید کارروائی کریں گے۔
قابل غور ہے کہ سال 2017 میں علی گڑھ میں بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ایک کارکن یوگیش وارشنے نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا سر قلم کرنے والے شخص کو 11 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ یوگیش مغربی بنگال کے ویر بھوم میں ہنومان کے بھکتوں کی پٹائی پر ناراض تھے۔ یوگیش کے اس بیان کے بعد ان کے خلاف مغربی بنگال میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
جس کے بعد پولیس یوگیش کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی تھی۔ اس سے پہلے بھی مغربی بنگال پولیس یوگیش کو گرفتار کرنے آئی تھی لیکن پولیس کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔ جمعہ کے روز بنگال پولیس دوبارہ یوگیش کے گھر پہنچی تھی۔