مدنپورہ میں 10ویں کامیاب طلبہ وطالبات کی ووکیشنل رہنمائی کیلئے پروگرام
ممبئی: 14/ستمبر (ایس ایم ایس) انجمن خیرالاسلام گرلز ہائی اسکول مدنپورہ میں دسویں جماعت کامیاب طلبہ وطالبات کی ووکیشنل رہنمائی کے لئے ایک رہنمائی پروگرام رکھا گیا۔
انجمن خیرالاسلام ووکیشنل کالج کی انچارج شیخ طوبیٰ نیاز احمد نے ووکیشنل کورس کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آج ہم مسلمان معاشی طور پر انتہائی پچھڑے ہوئے ہیں اس کے اسباب میں پہلا سبب جہاں تعلیم سے دوری ہے وہیں ٹیکنیکل تعلیم سے ناواقفیت بھی ہے حکومت نے جو نئے کورسیز شروع کئے ہیں ہم ان سے ناواقف ہیں۔ اسکیل انڈیا کے نام پر حکومت نے ایسے کورسیز شروع کئے ہیں جن کی بدولت روزگار کا حصول انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مسابقت کے دور یہ کورس حصولِ روزگار کا ذریعہ ہیں۔
شیخ طوبیٰ نیاز نے پیرامیڈیکل کورس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر طلبہ سائنس سے بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعد ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں جو کہ ایک انتہائی مشکل ترین ہدف ہوتا ہے اور ہر کوئی اس ہدف تک پہنچ نہیں پاتا ہے جبکہ پیرا میڈیکل کورسز سے جڑے چھوٹے چھوٹے کورس کرکے بھی ہم میڈیکل ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف مثلاً نرس،فزیو تھیراپیسٹ ، لیبارٹری اسسٹنٹ کے بغیر ڈاکٹر کچھ نہیں کر سکتے ہیں اور ادھورے ہوتے ہیں ان کورسیز کی بڑی اہمیت ہوتی ہے میڈیکل لیب ٹیکنیشن ہر اسپتال کے علاؤہ ڈائگنوسٹک سنٹر موجود رہتے ہیں۔ فزیو تھراپسٹ کی بھی بڑی اہمیت ہوتی ہے چونکہ ڈاکٹر حضرات گھر گھر جاکر معذور افراد کا علاج نہیں کر سکتے ہیں مگر فزیو تھراپسٹ گھر گھر جاکر جاکر علاج کر سکتے ہیں۔
ڈائٹیشین اور نیوٹریشن کے کورس کی موجودہ زمانے میں بڑھتی ہوئی اہمیت پر بات کرتے ہوئے شیخ طوبیٰ نیاز نے کہا کہ آج موٹاپا ایک بڑا درد سر بن گیا ہے اور بالخصوص مریضوں کو کیا کھلائیں کیا نہیں کھلائیں یہ فیصلہ ڈائٹیشین کرتے ہیں اور ڈائلاسیس اور مڈوائفری جیسے بھی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اس فیلڈ میں کافی مواقع دستیاب ہیں آج کل ہر کلینک اور اسپتال میں ڈائیٹیشین کی ضرورت ہوتی ہے اس کے علاؤہ ڈائلاسیس ٹیکنیشن ہر ڈائلاسیس سنٹر پر موجود ہوتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان پیرامیڈیکل کورسیز کے ذریعے ہم میڈیکل فیلڈ میں کام کرنے کی خواہش پوری کر سکتے ہیں۔
ووکیشنل کورس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شیخ طوبیٰ نیاز احمد نے کہا حصولِ روزگار میں صرف تعلیمی اسناد ہی کافی نہیں ہے بلکہ اب ساتھ ساتھ ووکیشنل اور پروفیشنل کورس بھی ضروری ہیں ہاسپیٹالیٹی مینیجمینٹ اور پری پرائمری ٹیچرز ٹریننگ کورس بھی روزگار حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ٹیلی نامی کمپیوٹر کورس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صرف بی کام پاس ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ ٹیلی کا کورس اکاؤنٹنٹ بننے کے لئے نہایت ضروری ہے۔
شیخ طوبیٰ نیاز احمد نے تمام کورس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انجمن خیرالاسلام ٹرسٹ کی جانب سے شروع کئے گئے ٹریننگ سینٹر کی بابت بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے سینٹر کی سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ وہاں ایک دم پروفیشنل ہے اور فیس دوسرے انسٹی ٹیوٹ کے بالمقابل نہایت کم ہے ۔
اس پروگرام ووکیشنل کورسیز کے تعارف کے ساتھ ساتھ دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو انعام سے نوازا گیا۔ پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا نازنین نامی طالبہ نے قرآن کریم کی تلاوت کی۔ تلاوتِ قرآنِ مجید کے بعد پھولوں کے گلدستے پیش کرکے مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔
اس پروگرام اسکول ہذا سے گزشتہ 2 سالوں میں 10ویں جماعت نمایاں کامیابی سے کامیاب ہونے والی طالبات کو انعام سے نوازا گیا۔ انعامی تقریب کے انعقاد پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل مومن قیصر جہاں نے کہا کہ گزشتہ 2 سالوں سے کورونا وائرس کی وباء پھیلی ہوئی ہے اور دو میقات سے روایتی تعلیمی ماحول نہیں ہے اس کے باوجود جن طالبات نے محنت کی اور نمایاں کامیابی حاصل کی ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ (رپورٹ: ساجد محمود شیخ)
بہترین رہنمائی