ویکسین کی دونوں خوراک لینے کے باوجود فلمساز فرح خان کورونا پازیٹو
فرح خان کا کہنا ہے کہ ’’مجھے بہت حیرانی ہو رہی ہے کہ یہ ہوا… شاید میں نے اپنا کالا ٹیکہ نہیں لگایا تھا، کورونا کی دونوں خوراک لینے کے باوجود میں کووڈ پازیٹو پائی گئی ہوں۔‘‘
بالی ووڈ کی مشہور و معروف فلمساز و ہدایت کار فرح خان کورونا پازیٹو ہو گئی ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ انھوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لے لی ہے، اس کے باوجود ان پر کورونا وائرس اثرانداز ثابت ہوا ہے۔ اس بات کی جانکاری فرح خان نے خود سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ دی ہے۔ فرح خان نے اپنے کورونا پازیٹو ہونے کی اطلاع دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ جو بھی افراد ان کے قریب آئے ہیں، وہ احتیاط برتیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں۔
فرح خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کورونا پازیٹو ہونے سے متعلق جانکاری شیئر کی۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مجھے بہت حیرانی ہو رہی ہے کہ یہ ہوا… شاید میں نے اپنا کالا ٹیکہ نہیں لگایا تھا۔ کورونا کی دونوں خوراک لینے، اور جنھوں نے دونوں خوراک لے لی ہیں ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے باوجود میں کووڈ پازیٹو پائی گئی ہوں۔ میں نے ان لوگوں کو پہلے ہی اس بارے میں مطلع کر دیا ہے کہ وہ اپنا ٹیسٹ کروالیں۔‘‘
پھر انھوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ ’’لیکن پھر بھی اگر میں کسی کو بھول گئی ہوں (میری بڑھتی عمر اور کم ہوتی یادداشت کی وجہ سے) تو پلیز اپنا ٹیسٹ کروا لیں۔ امید کرتی ہوں کہ جلد صحت یاب ہو جاؤں گی۔‘‘