سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس بوبڈے RSS کے دفتر پہنچے، بھاگوت سے کی ملاقات
آر ایس ایس کے بانی رہے ہیڈگیوار کی پیدائش ناگپور میں یکم اپریل 1889 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے 1925 میں آر ایس ایس کا قیام کیا تھا اور 21 جون 1940 کو ان کی موت ہوئی تھی۔
ناگپور: سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے نے منگل کے روز راشٹریہ سوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے بانی ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار کی جائے پیدائش کا دورہ کیا۔ وہاں سے وہ آر ایس ایس کے صدر دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اور آر ایس ایس کے سابق جنرل سکریٹری بھیاجی جوشی سے ملاقات کی۔
آر ایس ایس کے بانی رہے ہیڈگیوار کی پیدائش ناگپور میں یکم اپریل 1889 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے 1925 میں آرایس ایس کا قیام کیا تھا اور 21 جون 1940 کو ان کی موت ہوئی تھی۔ وہیں، شرد بوبڈے کا بھی ناگپور سے تعلق ہے اور وہ چیف جسٹس کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد اسی شہر میں رہائش پذیر ہیں۔
سابق چیف جسٹس شرد بوبڈے جب ہیڈگیوار کی رہائش پر پہنچے تو ان کے ہم جماعت رہے پروفیسر ہیمنت جامبھیکر بھی ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے آج تک کو بتایا کہ بوبڈے کو اپنی رہائش کی تجدید کرانی ہے لہذا وہ یہ دیکھنے کے لئے وہاں پہنچے تھے کہ ہیڈگوار کے قدیمی مکان کی تجدید کس طرح کرائی گئی ہے۔
کچھ دیر قیام کرنے کے بعد جسٹس شرد بوبڈے ہیڈگیوار کی جائے پیدائش سے روانہ ہو گئے۔ ناگپور کے مہال علاقہ میں ہی آر ایس ایس کا بھی ہیڈکوارٹر موجود ہے اور سابق چیف جسٹس نے وہاں کا بھی دورہ کیا۔ آر ایس ایس کے دفتر میں بوبڈے نے موہن بھاگوت اور بھیا جی جوشی سے ملاقات کی۔