یوپی کے سابق چیف منسٹر BJP کے سینئر لیڈر کلیان سنگھ چل بسے
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کلیان سنگھ نے لکھنؤ کے ایس جی پی جی آئی ہسپتال میں آخری سانس لی، کلیان سنگھ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بیمار تھے اور ان کی حالت مسلسل نازک بنی ہوئی تھی
لکھنؤ: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کلیان سنگھ کا ہفتہ کو دیر رات گئے انتقال ہو گیا۔ انہوں نے لکھنؤ کے ایس جی پی جی آئی ہسپتال میں آخری سانس لی۔ کلیان سنگھ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بیمار تھے اور ان کی حالت مسلسل نازک بنی ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں کی ایک پوری ٹیم ان کی نگرانی کر رہی تھی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی ان کی صحت کے بارے میں لگاتار آگاہی حاصل کر رہے تھے لیکن ان کی جان نہیں بچ سکی۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز ہی ایس جی پی جی آئی پہنچ کر کلیان سنگھ کی عیادت کی تھی۔ اس وقت وہاں موجود ڈاکٹروں کی ٹیم نے بتایا تھا کہ راجستھان کے سابق گورنر کی حالت اب بھی نازک ہے اور طبی ماہرین ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں مگر اس کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آ رہی۔ انہیں وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا اور ہائی پریشر آکسیجن بھی دینی پڑ رہی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ 4 جولائی کو کلیان سنگھ کو ایس جی پی جی آئی لکھنؤ میں داخل کیا گیا تھا۔ تب سے بی جے پی لیڈر پی جی آئی کا دورہ کر کے ان کی خیریت معلوم کر رہے تھے۔ گزشتہ ماہ ان کی صحت میں بہتری بھی آئی تھی رہی تھی لیکن ان کی صحت پھر خراب ہو گئی اور اسے سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔
کلیان سنگھ کا شمار بی جے پی کے سخت گیر لیڈران میں ہوتا تھا اور 1992 میں ان کے دور میں ہی بابری مسجد شہید کی گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد کلیان سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن وہ اپنے دامن پر لگا داغ کبھی نہیں مٹا پائے۔ انہوں نے بی جے پی سے ناراض ہو کر ایک مرتبہ اپنی سیاسی جماعت بھی تشکیل دی تھی مگر وہ کامیاب نہ ہو سکی۔ آخری ایام میں انہیں راجستھان کا گورنر مقرر کیا گیا تھا اور فی الحال وہ فعال سیاست سے دور تھے۔