بگدل میں SIO کی جانب سے کرئیر گائیڈنس پروگرام کا انعقاد
بیدر: 13/اگست (پی آر) تعلیم کے میدان میں طلبہ کو اس بات کا مکمل اختیارہو کہ وہ کسی بھی کورس کو اپنی صلاحیت اور دلچسپی کے مناسبت سے انتخاب کریں، کورس کے انتخاب میں کسی بھی قسم کا بیرونی دباوٴ نہ ہو اورجب کوئی طالب علم اپنی دلچسپی سے کورس کا انتخاب کرتا ہے تو اس کا اولین تقاضہ یہ ہے کہ وہ اس کورس میں مہارت حاصل کرے۔ یہ باتیں محمد مبین MCA سنٹرل یونیورسٹی کلبرگی نے SIO بگدل کی جانب سے منعقد ایک کرئیر گائیڈنس پروگرام میں 10ویں جماعت کامیاب طلباء سے مخاطب کرتے ہوے کہیں۔
انہوں نے پی یوسی (آرٹس، کامرس اور سائنس) آئی ٹی آئی اور ڈپلومہ کورسیس پر پی پی ٹی کے ذریعے طلباء کی رہنمائی کی اور طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ اور بہت سے کورسیس سے روشناس کرایا۔ برادر مبین نے کہا کہ بہت سے طلباء اپنی معاشی حالات کمزور رہنے کی وجہ سے اعلی تعلیم میں داخلہ نہیں لیتے، ایسے طلباء کے لئے حکومت کی جانب سے اسکالرشپ دیا جاتا ہے اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔
محمد زبیر پاشاہ صدر مقامی ایس آئی او بگدل نے افتتاحی کلمات میں ورکشاپ کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ آج بہت سے طلباء پریشان ہیں کہ انہیں کس کورس میں داخلہ لینا چاہیے؟ صحیح کورس کا انتخاب نہیں کرنے کی وجہ سے طلباء اعلی تعلیم میں کامیاب نہیں ہوتے اور وہ تعلیم سے دوری اختیار کرلیتے ہیں، اسی احساس کے پیش نظر یہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، تاکہ طلبہ کی صحیح رہنمائی ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی او مسلسل تعلیم کے میدان میں کئی سالوں سے کام کر رہی ہے، اور تعلیمی اداوروں میں اخلاقی ماحول کو فروغ کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ ورکشاپ کا آغاز محمد معظم علی کی قرآت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر محمد مبین، محمد زبیر، محمد شاکر محمد شارخ و دیگر طلباء اس ورکشاپ میں موجود تھے۔