بی جے پی کتنی بھی کوشش کر لے یو پی کے کسان ’بھگوا پارٹی‘ کو ووٹ نہیں دیں گے: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو نے کہا کہ کسان اگلے انتخابات میں بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کے روز کہا کہ بی جے پی اتر پردیش میں کسانوں کو مائل کرنے کی کتنی بھی کوشش کیوں نہ کرلے، کسان بھگوا پارٹی کو ووٹ کبھی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اگلے انتخابات میں بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
کسانوں تک پہنچنے کے لئے ریاست میں کسان کانفرنس منعقد کرنے کے بی جے پی کے منصوبہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’اب جبکہ ان داتا (کسان) کے مت داتا (رائے دہندہ) کا وقت آ گیا ہے تو بی جے پی کسانوں کو یاد کر رہی ہے۔ کسان بی جے پی کے جال میں نہیں پھنسنے والے اور 2022 میں متحد ہو کر بی جے پی کے خلاف ووٹ ڈالیں گے۔‘‘
اکھلیش یادو نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے وعدے کو پورا نہیں کرنے اور زرعی قوانین کو منسوخ نہ کرنے کے مطالبہ کے تئیں غیر حساسیت کا مظاہرہ کرنے پر بھی بی جے پی کی مذمت کی ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی 16 سے 23 اگست تک کسانوں سے رابطہ کے حوالہ سے اپنا پروگرام ’کسان سمواد‘ شروع کرنے جا رہی ہے۔