ایم پی: 3 دنوں میں کروڑوں کی لاگت والے 6 پُل سیلاب کی نذر! شیوراج حکومت پر سوال
پلوں کے گیٹ کھلونے سے سندھ اور سیپ ندی نے بھاری تباہی مچائی ہے، عالم یہ ہے کہ 3 دنوں میں کروڑوں کی لاگت والے 6 پُل بہہ چکے ہیں، جن میں سے 4 کو گزشتہ 10-11 سال پہلے ہی تعمیر کیا گیا تھا
بھوپال: پلوں کے گیٹ کھلونے سے سندھ اور سیپ ندی نے بھاری تباہی مچائی ہے، عالم یہ ہے کہ 3 دنوں میں 6 پُل بہہ چکے ہیں، جن میں سے 4 کو گزشتہ 10-11 سال پہلے ہی تعمیر کیا گیا تھا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریاستی حکومت نے اس معاملہ میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وہیں سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر کمل ناتھ نے اس معاملہ میں اعلیٰ سطحی جانچ کے علاوہ جوابدہی بھی طے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مدھیہ پردیش میں اب تک جو پل بہے ہیں وہ اس طرح ہیں، 5.9 کروڑ کی لاگت والا رتن گڑھ-بسائی کا پہل، 10 کروڑ کی لاگت والا اندر گڑھ-پیچھور کا پل، دتیا-سیوڑھا اور گردھ پور-مان پور کا پل، ان دونوں کی لاگت کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے، شیوپور بڑودا کا 3.94 کروڑ کی لاگت والا پل اور 13.71 کروڑ کی لاگت والا گورئی-اڈوکھر کا پل۔
وہیں، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ہفتہ کی صبح ایک مرتبہ پھر سیلاب سے متاثر گونا، اشوک نگر اور ودیشا اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کی معلومات حاصل کر کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ اس دوران تینوں اضلاع میں رات کو بھی لوگوں کو بچانے کا کام جاری رہا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شیوراج چوہان کو بتایا گیا کہ صبح فضائیہ اور فوج نے راحت و بچاؤ کی کاروائیاں شروع کیں۔ اس سے پہلے رات میں ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف نے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالا۔ اشوک نگر کے بیری اور سرسورہ گاؤں میں سیلاب میں پھنسے 15 افراد کو صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔ وسونیا گاؤں میں 6 افراد کی جانیں بچائی گئیں۔
قبل ازیں، کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن دگوجے سنگھ نے کہا، ’’مدھیہ پردیش میں اس سال گزشتہ 30 سالوں میں سب سے بھیانک سیلاب آیا ہے، میں نے اس مسئلہ کو راجیہ سبھا میں اٹھایا ہے اور اسے قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘