ممبئی ہوائی اڈے کا نام بدلنے پر شیوسینا کارکنان برہم، اڈانی کا ہورڈنگ پھاڑ ڈالا
سنجے کدم اور دیگر شیوسینا لیڈران کی قیادت میں کئی پارٹی کارکنان نے سی ایس ایم آئی اے کا نام اچانک اڈانی گروپ کے برانڈ نام سے بدلنے پر اعتراض ظاہر کیا اور ائیر پورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
شیوسینا کارکنان کے ایک گروپ نے پیر کی دوپہر چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے (سی ایس ایم آئی اے) کے باہر اڈانی ائیرپورٹ ہولڈنگ لمیٹڈ (اے اے ایچ ایل) کے ذریعہ لگائے گئے ایک ہورڈنگ کو توڑ دیا۔ سنجے کدم اور دیگر شیوسینا لیڈر کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے سی ایس ایم آئی اے کا نام اچانک اڈانی گروپ کے برانڈ نام سے بدلنے پر اعتراض ظاہر کیا اور ائیر پورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
سائٹ پر موجود ایک شیوسینک نے کہا کہ اے اے ایچ ایل کو صرف ممبئی ہوائی اڈے کا مینجمنٹ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے اور وہ نام وغیرہ میں کوئی تبدیلی نہیں کر سکتے۔ یہ مہاراشٹر کے لوگوں کی بے عزتی ہے۔ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔ اس درمیان ’چھترپتی شیواجی مہاراج کی جے ہو‘ کے نعرے لگاتے ہوئے شیوسینا لیڈران و کارکنان ائیرپورٹ احاطہ میں موجود باغیچے پر چڑھ گئے، زعفرانی پرچم لہرایا، اور پھر وہاں سے باہر نکلنے سے پہلے انگریزی و مراٹھی میں اے اے ایچ ایل نام کے ہورڈنگ کو پھاڑ دیا اور اکھاڑ کر پھینک دیا۔
اے اے ایچ ایل کے ایک ترجمان نے اس تعلق سے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ مہینے مشہور ہوائی اڈے کی ذمہ داری لینے کے بعد صرف اڈانی ائیرپورٹس برانڈنگ کے ساتھ پچھلی برانڈنگ کو بدل دیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سی ایس ایم آئی اے کی برانڈنگ یا ائیرپورٹ ٹرمینل پر موجودہ حالات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ سی ایس ایم آئی اے میں برانڈنگ ائیرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ کے پیمانوں اور ہدایات کے مطابق عمل کیا گیا ہے۔