تازہ خبریں

لبیک اللهم لبیک… نعروں کی گونج اور کورونا کی سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ حج بیت اللہ کا آغاز

حرم مکی میں داخلے سے قبل النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الھدا مراکز میں حجاج کرام کا استقبال کیا گیا، جہاں سے وہ طواف قدوم کے لیے مسجد حرام کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔

مکہ معظمہ: سعودی عرب میں ہفتہ کے روز مسلسل دوسرے سال کورونا سے متعلق سخت احتیاطی تدابیر کی پاسداری کے ساتھ حج بیت اللہ کا آغاز ہو گیا۔ عازمین حج نے آج سے مناسک حج کی ادائیگی شروع کر دی۔ العربیہ اردو کے مطابق حجاج کرام کے قافلے حرم مکی میں داخل ہو چکے ہیں اور انہوں نے ’طواف قدوم‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ حرم مکی میں داخلے سے قبل النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الھدا مراکز میں حجاج کرام کا استقبال کیا گیا، جہاں سے وہ طواف قدوم کے لیے مسجد حرام کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔

حرم مکی میں آمد سے قبل 6 ہزار عازمین پر مشتمل گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں جو ہر تین گھنٹے بعد پہلے گروپ کے طواف کے بعد مسجد حرام میں داخل ہوں گے۔ طواف قدوم کا پہلا مرحلہ آج ہفتے کو سات ذی الحج مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہو چکا ہے۔ طواف قدوم 8 ذی الحج کو رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے حجاج کرام کے استقبال اور ان کے ایک جگہ جمع ہونے کے حوالے سے پلان ترتیب دیا ہے۔ حجاج کرام الزایدی کے مقام پر جمع ہوں گے۔ وہاں سے وہ حرم مکی کی طرف چلیں گے اور الشبیکہ اسکوائر میں اکٹھے ہوں گے۔ اس کے بعد النواریہ مرکز پر آنے والے عازمین حج شاہ عبدالعزیز اسٹیشن کے قریب جمع ہوں گے۔

الشرائع مرکز میں آنے والے عازمین اجیاد الصافی اسٹیشن میں جمع ہوں گے۔ النسیم مرکز میں آنے والے حجاج بھی اجیاد الصافی میں اکھٹے ہوں گے۔ تاہم ان کی آمد ورفت کے راستے الگ الگ ہوں گے۔ ایک دن میں 48 ہزار حجاج کرام مسجد حرام کے قریب جمع ہو سکیں گے۔

طواف قدوم کی تکمیل کے بعد عازمین حج مسجد حرام سے نکلیں گے اور بسوں کے ذریعے باب علی اسٹیشن سے ہوتے ہوئے جمرات پل تک جائیں گے۔ اس موقع پر 200 بسوں کے ذریعے ایک وقت میں 2 ہزار عازمین حج کو ہر تین گھنٹے کے وقفے کے بعد جمرات پل تک پہنچایا جائے گا۔ وہاں سے عازمین حج منیٰ پہنچیں گے۔ منیٰ روانگی کے لیے انہیں الگ لگ رنگوں کے ٹریکس کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔

حج کے موقع پر ٹریفک کے امور کے انچارج عبدالرحمن الحربی نے ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ حج کے سفر کے دوران عازمین کو لے جانے والی بسوں میں سینیٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کورونا وبا کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے گا۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!